بجلی 2 روپے 97 پیسے سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ، یکم جنوری سے گیس 10سے 64 فیصد مہنگی کرنے کی تیاریاں،صنعتی صارفین کے لیے گیس 53فیصد ، کمرشل صارفین 18،کھاد کارخانوں کے لیے 64 ،گھریلو صارفین کے لیے 10سے 16فیصد اضافہ کیاجائیگا

جمعہ 26 دسمبر 2014 07:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26دسمبر۔2014ء)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی( نیپرا)نے بجلی 2 روپے 97 پیسے سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاہے جبکہ یکم جنوری سے گیس 10سے 64 فیصد مہنگی کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔نیپرا نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی 2 روپے 97 پیسے سستی کرنے کا فیصلہ نومبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ جنوری کے بلوں میں صارفین کو 19 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔

(جاری ہے)

نیپرا کے مطابق نومبر میں صارفین کو 6 ارب 53 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی گئی، بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کو کہا گیا ہے کہ وہ جنوری میں صارفین کو مکمل ریلیف فراہم کریں۔ دوسری جانب یکم جنوری سے گیس 10فیصد سے 64فیصد تک مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت پیٹرولیم کے حکام کے مطابق صنعتی صارفین کے لیے گیس 53فیصد جبکہ کمرشل صارفین کے لیے18فیصد مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسی طرح کھاد کارخانوں کے لیے گیس 64 فیصد مہنگی کرنے جبکہ کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس کی قیمتوں میں 30 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں 10سے 16فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری وزیر اعظم سے لی جائے گی جس کے بعد یکم جنوری سے اس کا اطلاق ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :