وزیرخزانہ کی زیرصدارت سٹیٹ بنک اور تجارتی بنکوں کا اجلاس،بنکنگ چینلز سے ترسیلات زر میں اضافہ اور زرمبادلہ کے ذخائر15ارب ڈالر تک پہنچنے پر اطمینان کا اظہار،اسحاق ڈار کی بنکوں کو ترسیلات زر میں ٹرانسفر چارجز کا ان کا مکمل حصہ جولائی2015ء تک ادا کرنے کی یقین دہانی

جمعرات 25 دسمبر 2014 09:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25دسمبر۔2014ء)وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے تمام تجارتی بینکوں کو ترسیلات زر میں ٹرانسفر چارجز کا ان کا مکمل حصہ جولائی2015ء تک ادا کرنے کا یقین دلایا ہے جبکہ گورنر سٹیٹ بینک نے بینکوں پر زور دیا ہے کہ وہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں کو قرضوں کی فراہمی پر توجہ دیں۔وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے اہم تجارتی بینکوں کے سینئر نمائندوں،گورنر سٹیٹ بینک اشرف وتھرا،خزانہ ڈویژن کے ایڈوائزر رانا اسد امین اور دیگر افسران نے ملاقات کی،جس میں پاکستان ترسیلات زر اقدام(پی آر آئی)میں پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور غیر ملکی ترسیلات زر میں بتدریج اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو سراہا گیا،جنہوں نے پاکستان میں بینکنگ چینلز سے ترسیلات زر میں اضافہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیرخزانہ نے کہا کہ جون2014ء تک 12,000روپے کی ترسیلات زر پر ٹرانسفر چارجز میں سے تجارتی بینکوں کا حصہ جولائی 2015ء تک ادا کردیا جائے گا۔اس میں سے 6ارب روپے جنوری جبکہ 3ارب روپے اپریل اور جولائی میں ادا کئے جائیں گے جس سے جون2014ء تک کا معاملہ صاف ہوجائے گا۔

وزیرخزانہ نے بینکوں کے حکام کو حکومت کی ان کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا جو معیشت میں استحکام کیلئے کی جارہی ہیں۔انہوں نے خاص طور پر15ارب ڈالر کا زرمبادلہ کا ہدف حاصل کرنے کا حوالہ دیا جس سے پاکستان آئی بی آر ڈی کا ممبر بننے کا اہل ہوگیا ہے اور وہ بہتر مالیاتی پیکج بھی حاصل کرسکتا ہے۔اس موقع پر گورنر سٹیٹ بینک نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ نجی شعبے خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں کو قرضے فراہم کریں ۔

انہوں نے زرعی قرضے میں اضافے کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس میں شریک تمام نمائندوں نے وفاقی وزیر کا ٹرانسفر چارجز کی ادائیگی پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے یقین دلایا کہ اقتصادی بہتری کیلئے حکومت کی کوششوں کا ساتھ دیں گے۔انہوں نے وفاقی وزیر کو 15ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔واضح رہے کہ پی آر آئی وزارت خرانہ اور سٹیٹ بینک کا مشترکہ منصوبہ ہے جو2009ء میں شروع کیا گیا تھا اور اس کے تحت سمندر پار پاکستانیوں کو بینکنگ چینلز سے رقوم بھیجنے پر مراعات دی گئی ہیں۔

سکیم کے تحت وفاقی حکومت منظور شدہ بینکوں سے 100ڈالر سے زائدبھیجنے پر ٹرانسفر چارجز ادا کرتی ہے یہ سہولت سٹیٹ بینک میں درج ایکسچینج کمپنیوں کو بھی حاصل ہے۔اس سکیم کے اجراء کے بعد سے ہنڈی اور حوالہ کے ذریعے رقوم بھیجنے کا رجحان ختم ہورہا ہے جبکہ بینکنگ سروسز فروخت پا رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :