وزیراعظم محمد نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملاقات،دہشت گردی کیخلاف قومی ایکشن پلان سمیت قومی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال،آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران حاصل اہم اہداف سے بھی آگاہ کیا،پاک سرزمین پر ایک بھی دہشت گرد کو باقی نہ چھوڑا جائے،نوازشریف

بدھ 24 دسمبر 2014 09:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24دسمبر۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملاقات‘ ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان سمیت قومی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران حاصل ہونے والے اہم اہداف سے بھی نواز شریف کو آگاہ کیا جبکہ افغان عسکری قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقات بارے میں بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز وزیراعظم محمد نواز شریف سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی اور ملاقات میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب اور آپریشن خیبر ون کے حوالے سے حاصل ہونے والے اہداف پر جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم کو آگاہ کیا جبکہ قومی ایکشن پلان سمیت قومی سلامتی کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پروزیراعظم کو جنرل راحیل شریف نے افغان عسکری قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقات سے بھی آگاہ کیا جبکہ وزیراعظم نواز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی میں پاک سرزمین پر ایک بھی دہشت گرد کو باقی نہ چھوڑا جائے، پوری سیاسی قیادت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عسکری قیادت کی پشت پر کھڑی ہے۔