کراچی،مبینہ پولیس مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 13دہشت گردوں کو مار دیا گیا ، مقابلے کے وقت طالبان رہنماء خان زمان کے ڈیرے پر اجلاس جاری تھا

منگل 23 دسمبر 2014 08:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23دسمبر۔2014ء)کراچی میں سہراب گوٹھ کے علاقے میں الآصف اسکوائر کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 13دہشت گردوں کو مار دیا گیا ہے ، مقابلے کے وقت طالبان رہنماء خان زمان کے ڈیرے پر اجلاس جاری تھا۔سہراب گوٹھ تھانے کی حدود سپر مارکیٹ الآصف اسکوائر کے قریب افغان بستی میں ملز مان کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے ایک گلی کوگھیرا توملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، ایس ایس پی ملیرراؤ انوار کے مطابق پولیس نے الآصف اسکوائرکے قریب تحریک طالبان کے کمانڈر کے ڈیرے پر چھاپا مارااور افغان بستی کے داخلی اورخارجی راستے سیل کردیے ، اس دوران ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس میں 13مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں،ایس ایس پی ملیر کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان سے تھا،جن کے قبضے سے خود کش جیکٹس اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی راوٴانوار کے مطابق ملزمان جدیدہتھیاروں سیمورچہ بندفائرنگ کررہے تھے جس پر پولیس کو کمانڈوز اور بکتر بند گاڑیاں طلب کرنی پڑیں ۔ مزید نفری اور گاڑیاں آنے پر پولیس علاقے میں داخل ہوئی اور اور 13دہشت گردوں کو مار گرایا ہے ۔پولیس کے مطابق اطلاع موصول ہوئی تھی کے افغان بستی میں طالبان کمانڈر خان زمان کے ڈیرے پر تخریب کاری کے حوالے سے ایک اجلاس کررہے ہیں ۔