سیکورٹی فورسز کے ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مزید تیز ی، تازہ حملوں میں پشاور حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 38دہشت گرد ہلاک ، کئی ٹھکانے تباہ ، تین اہلکاروں نے بھی جام شہادت نوش کیا ،وادی تیراہ میں جیٹ طیاروں کی بمباری میں اہم کمانڈر اور پشاور حملے کے ماسٹرمائنڈ سمیت 26 دہشت گرد ہلاک، دہشتگردوں کے 8ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے ،پشاور اور چارسدہ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 9دہشت گرد ہلاک، 3 اہلکارجاں بحق،کراچی میں کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گرد ہلاک،سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں کی مشکو ک افراد گرفتار

اتوار 21 دسمبر 2014 09:36

پشاور،چارسدہ ،خیبرایجنسی،کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21دسمبر۔2014ء) سیکورٹی فورسز نے ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف کاررو ائیاں مزید تیز کردی ہیں تازہ حملو ں میں پشاور حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 38دہشت گرد ہلاک جبکہ ان کے کئی ٹھکانے تباہ کردیئے گئے ہیں ،ان کارروائیوں میں تین اہلکاروں نے بھی جام شہادت نوش کیا ۔ سیکوٹی ذرائع کے مطابق خیبرایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف کارروائی جاری ہے اور جیٹ طیاروں کی تحصیل وادی تیراہ میں تازہ بمباری کے نتیجے میں ایک اہم کمانڈر اور پشاور حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 26 دہشت گرد ہلاک جبکہ دہشت گردوں کے 8 ٹھکانے تباہ ہوگئے۔

ہلا ک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم لشکر اسلام اور تحریک طالبان سے ہے، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں درہ آدم خیل میں کا لعدم تحریک طالبان کے سربراہ خلیفہ عمرفاروق بھی شامل ہیں جوپشاور آرمی سکول حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا ،گزشتہ روز بھی سیکیورٹی فورسز کی زمینی اور فضائی کارروائی کے دوران 48 دہشتگرد ہلاک ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

۔ علاوہ ازیں پشاور اور چارسدہ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت 9دہشت گرد ہلاک جبکہ 3 اہلکار جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔

پشاور کے علاقے متنی کے قریب سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گرد ہلاک جب کہ 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر بھی شامل ہے جس کی شناخت مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے سی ایم ایچ پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔.پشاور کے نواحی علاقے مچنی پل پر پولیس اور دہشتگردوں میں جھڑپ ہوئی ہے جس مِیں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار شہید ہوا ہے۔

ایس ایس پی آپریشن نجیب الرحمان کے مطابق مچنی پل پر پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، پولیس کی جانب سے فائرنگ میں دو دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں،پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او تھانہ متھرا عشرت یار بھی شہید ہوئے ہیں،سیکیورٹی فورسز نے چارسدہ میں بھی تھانہ سرو کی حدود میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا تو ملزمان نے فورسز کے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک جب کہ مقابلے میں 2 اہلکار جاں بحق اور 2 زخمی بھی ہوئے۔

زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے شدت پسندوں کے دیگر ساتھیوں کے لئے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردی ہیں۔۔کارروائی کے بعد شبقدر میں سیکیورٹی فورسسز کا مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران چودہ مشکوک افراد کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے ۔

دوسری طر ف کراچی میں گھگھر پھاٹک کے قریب رینجرز سے مقابلہ کے دوران کالعدم تنظیم کے تین کارندے مارے گئے۔گھگھر پھاٹک کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے ٹارگیٹڈ آپریشن گیا گیا۔آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے رینجرز کے جوانوں پر فائرنگ کی گئی تاہم جوابی فائرنگ کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ترجمان رینجرز کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا جبکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔واضح رہے کہ پاک فوج کی جانب سے دہشتگردوں کی سرکوبی کے لئے خیبرایجنسی، باجوڑ ایجنسی، کرم ایجنسی سمیت شمالی وزیرستان میں بھرپور آپریشن جاری ہے جب کہ اس دوران سینکڑوں دہشت گرد مارے جاچکے ہیں