دہشتگردی کے خاتمے تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی ، پرویز رشید، دہشتگردوں کو معصوم شہریوں کی زندگی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے ، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،میڈیا نے سانحہ پشاور واقعہ میں انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے،صحافیوں کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب

جمعہ 19 دسمبر 2014 06:40

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19دسمبر۔2014ء )وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ میڈیا نے سانحہ پشاور واقعہ میں انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے ، دہشتگردی کے خاتمے تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی ، دہشتگردوں کو معصوم شہریوں کی زندگی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے ، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔

جمعرات کو اسلام آباد میں مشکل حالات میں صحافیوں کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ دہشتگردوں کا نہ کوئی چہرہ ہوتا ہے اور نہ ہی وہ اخلاقیات سے واقف ہوتے ہیں اس طرح سانحہ پشاور میں دہشتگردوں نے بزدلانہ فعل کرکے پھول جیسے بچوں اور معصوم خواتین کو اپنی دہشتگردانہ کارروائی کا نشانہ بنایا اس سے ان کے چہرے قوم کے سامنے مسخ ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی چہرہ نہیں ہوتا اور نہ ہی ان میں اخلاقیات نام کی کوئی چیز ہوتی ہے یہ انسانیت نما درندے ہیں اور ان بھیڑیوں کو ختم کرنے کیلئے ان کا ہر جگہ پیچھا کیاجائے گا اور انہیں چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے مشکل حالات میں ایک مرتبہ پھر اکٹھی ہوگئی ہے جب بھی ملک پر مشکل وقت آتا ہے تو قوم اکٹھی ہوجاتی ہے جس کی مثال نہیں ملتی اور یہ دہشتگردی کیخلاف جنگ کو جیتنے کیلئے قوم کو چوکس رہنا پڑے گا ۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قوم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں جس کی مثال دنیا میں شاید ہی کہیں ہو ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم سانحہ پشاور میں شہید بچوں کے غم میں سوگوار ہے اور پاکستانی فوج اور قوم معصوم پھولوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے آئیڈیاز پر کام کرنا پڑے گا جس طرح میڈیا نے سانحہ پشاور میں انتہائی بردباری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا یہ قابل تعریف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آخری دہشتگرد کا پیچھا کرنے سے بھی گریز نہیں کرینگے تاکہ آئندہ آنے والی نسلیں ان دہشتگردوں کی سفاکانہ اور بزدلانہ کارروائیوں سے محفوظ رہ سکیں انہوں نے کہا ہمیں امید ہے کہ دہشتگردی کیخلاف ہر شہری اپنا کردار ادا کرے گا اور یہی وقت کا تقاضا ہے ۔

متعلقہ عنوان :