ممئبی حملہ کیس، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ذکی الرحمن لکھوی کی ضمانت منظور کر لی،ذکی الرحمن لکھوی کو پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم ،ممبئی حملوں کے مبینہ ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی پاکستانی عدالت سے ضمانت منظور ہونا افسوس ناک اقدام ہے،بھارتی وزیرداخلہ، امید ہے پاکستانی حکومت سپریم کورٹ میں ضمانت کی منسوخی کیلئے اپیل دائر کریگی،راجناتھ سنگھ

جمعہ 19 دسمبر 2014 06:34

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19دسمبر۔2014ء ) وفاقی دارالحکومت کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی 5,5 لاکھ روپوں کے مچلکوں کے عو ض ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے جمعرات کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں کوثر عباس زیدی پر مشتمل انسداد دہشت گردی عدالت نے ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی درخواست ضمانت پر سماعت مکمل ہونے پر ملزم کو پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی دو روز قبل درخواست ضمانت دائر ہوئی تھی جس پر ایف آئی اے کے پروسیکوٹر نے درخواست ضمانت کی مخالفت کی تھی۔ملزم کی جانب سے رضوان عباسی ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔

(جاری ہے)

ر ملزم کے وکیل رضوان عباسی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کے خلاف ممبئی حملہ کیس میں کوئی ٹھوس شواہد نہیں تھے جس پر عدالت نے ضمانت منظور کی۔ذکی الرحمن لکھوی کو اڈیالہ جیل راولپنڈی میں رکھا گیا تھا جبکہ اس مقدمے میں 6 دیگر ملزمان اب بھی جیل میں ہیں۔

ذکی الرحمن لکھوی پر بھارت کی جانب سے الزام لگایا گیا تھا کہ ممبی حملہ کیس کے یہ ماسڑ مائنڈ ہیں۔جس پر پاکستان نے چند سال قبل انہیں مظفر آباد سے آتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا تھا اور مظفر آباد کے قریب ایک پہاڑی پر ذکی الرحمن لکھوی کے مدرسے کو بھی مسمار کر دیا گیا تھا۔ ادھربھارتی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے لشکر طیبہ کے کمانڈر اور ممبئی حملوں کے مبینہ ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی پاکستانی عدالت سے ضمانت منظور پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے افسوس ناک قرار دیا ہے۔

بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے ذکی الرحمن کی عدالت سے ضمانت منظور ہونے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام افسوسناک ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی حکومت سپریم کورٹ میں اس ضمانت کی منسوخی کیلئے اپیل دائر کریگی۔دریں اثناء بھارتی میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں اپنے مشن کے ساتھ اس فیصلے پر شدید احتجاج کیلئے تیاری پر کام کر رہا ہے ۔