وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر عمران خان کو چائے کی دعوت پر مذاکرات کے ذریعے تمام معاملات طے کرنے کی پیشکش کردی،ہم جمہوری عمل کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں،قوم جب اکٹھی ہوتی ہے تو پھر ہی جنگ جیتی جاتی ہے،صرف فوج تنہا کامیاب نہیں ہوسکتی،عمران خان

جمعرات 18 دسمبر 2014 09:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2014ء)وزیراعظم محمد نوازشریف نے ایک مرتبہ پھر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو چائے کی دعوت پر مذاکرات کے ذریعے تمام معاملات طے کرنے کی پیشکش کردی ہے اور عمران خان نے بھی کہا ہے کہ ہم جمہوری عمل کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں،قوم جب اکٹھی ہوتی ہے تو پھر ہی جنگ جیتی جاتی ہے،صرف فوج تنہا کامیاب نہیں ہوسکتی۔

بدھ کو یہاں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ عمران خان اور دیگر قائدین کے شکرگزار ہیں کہ وہ یہاں آئے،عمران خان سے کہا ہے کہ وہ مجھے چائے کی دعوت دیں یا میرے پاس آئیں تاکہ مل بیٹھ کر بات چیت کے ذریعے معاملات طے کئے جائیں،یہی جمہوریت کا حسن ہے کہ پہاڑ جیسے معاملات بھی بات چیت سے طے ہوسکتے ہیں،ہم جمہوری سوچ رکھتے ہیں اس پلیٹ فارم سے بھی معاملات حل کریں گے اور دست تعاون بڑھائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جب بار بار اس حوالے سے سوالات ہوئے تو عمران خان بھی بول پڑے اور ان کا کہنا تھا کہ قوموں پر جب ایسے حالات آتے ہیں تو وہی قومیں کامیاب ہوتی ہیں جو اکٹھی ہوجائیں،ہمارے درمیان انا کا معاملہ نہیں سب سیاسی جماعتیں کہتی ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے مگر وہ تحقیقات کی بات نہیں کرتیں،ہم تحقیقات چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور پر ہم یہاں اکٹھے ہوئے ہیں تاکہ ملکر یہ جنگ جیتی جاسکے ورنہ الزام تراشی کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے،ہم سب اکٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے تو نوازشریف سے ہسپتال میں ملاقات کے دوران بھی کہا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف مکمل حمایت کریں گے اور یہاں آکر بھی ہم نے واضح پیغام دیا ہے اور اتفاق رائے دکھایا ہے۔کمیٹی اب منصوبہ تیار کرے گی اور ہم اس کے ساتھ ہوں گے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ کنٹینر چھوڑ رہے ہیں تو عمران خان نے کہا کہ میں اب بھی سیدھا کنٹینر پر جارہا ہوں وہاں جاکر صلاح مشورہ کریں گے اس سے اچھی بات اور کیا ہوسکتی ہے کہ مذاکرات سے معاملات طے کرلئے جائیں ۔