لاہور، وزیراعلیٰ شہبازشریف کا دورہ پشاور،وزیراعلیٰ کے پی کے اورگورنرسے ملاقات، پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس میں شرکت، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے ہر قسم کے دہشت گردوں کا یکساں طورپرقلع قمع ضروری ہے ،شہبازشریف،اب فیصلہ ہمیشہ کیلئے ہوجانا چاہیے کہ دہشت گردوں میں اچھے اور برے کی تفریق مناسب نہیں،مشاورت کا عمل سنگ میل ثابت ہوگا،وزیراعلیٰ پنجاب کی پشاور میں میڈیا سے گفتگو،شہبازشریف کے خیالات سے سوفیصد متفق ہوں ہم سب کو ملکرپاکستان کو بچانا ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک

جمعرات 18 دسمبر 2014 09:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے ہر قسم کے دہشت گردوں کایکساں طورپرقلع قمع ضروری ہے ۔اب فیصلہ ہمیشہ کیلئے ہوجانا چاہیے کہ دہشت گردوں میں اچھے اور برے کی تفریق مناسب نہیں ۔ وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کا تمام قومی رہنماؤں سے مشاورت کا عمل ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں سنگ میل ثابت ہوگا،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاؤس پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا-اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ کرنل(ر) شجاع خانزادہ بھی موجود تھے-انہوں نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قومی رہنماؤں نے جس تعاون اور اتحاد کا مظاہرہ کیاہے وہ ہر اعتبار سے قابل تحسین ہے-پوری قوم کی پہلی اور آخری ترجیح صرف دہشت گردی کاخاتمہ ہے -انہوں نے کہاکہ اپنی اپنی ذاتی لڑائیاں چھوڑ کر مل کر پاکستان کی جنگ لڑنے کے لئے تیار ہو جائیں اوراتحاد، اتفاق اور یگانگت کا مثالی مظاہرہ کرکے پاکستان کی جنگ ہر صورت جیتیں گے- نئی نسلوں کو محفوظ اور پرامن پاکستان دینے کیلئے تمام سیاسی، مذہبی اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں کو متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کو شکست فاش دے کر پاکستان اور 18 کروڑ عوام کی جنگ ہر صورت جیتیں گے اور انشاء اللہ جیت صرف پاکستان اور 18 کروڑ عوام کی ہی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔چالیس ہزار سے زائد فوجی افسر ان و جوان، پولیس افسران و اہلکار اور عام شہری اپنی جانیں وطن عزیز پر نچھاور کر چکے ہیں۔

پاکستان کے نمبر ون دشمن دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے سب کو ایک ہونا ہوگا اور آج پشاور میں اس کا عملی مظاہرہ دیکھنے کو ملا ہے۔شہبازشریف اور پرویز خٹک کی ملاقات !قبل ازیں وزیراعلیٰ شہبازشریف پشاور ائیرپورٹ پہنچے تو خیبر پختونخواہ کے گورنر سردار مہتاب عباسی، وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور مسلم لیگ(ن) کے عہدیداران نے ان کا استقبال کیا -وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف اورکے پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے درمیان ملاقات بھی ہوئی ۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے خیبرپختونخواہ کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحد ہوئے بغیر پاکستان کو نہیں بچایا جا سکتا۔ اگر اب بھی ہم نہ سنبھلے اور متحد نہ ہوئے تو ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے اس موقع پر کہاکہ میں آپ سے سوفیصد اتفاق کرتا ہوں کہ ہم سب کو مل کر پاکستان کو بچانا ہے اور اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔

میں یقین دلاتا ہوں کہ اتحاد و یگانگت کی فضا کیلئے بھر پور تعاون کریں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ گذشتہ روز پشاور کے آرمی پبلک سکول میں دہشت گردوں نے معصوم بچوں سے سفاکی کا مظاہرہ کیااوران کے خون سے ہاتھ رنگے،اس المناک اوردلخراش واقعہ پر پاکستان کا ہر شہری دکھی اورغمزدہ ہے۔ انہو ں نے کہا کہ معصوم بچوں اور اساتذہ کے خون سے ہاتھ رنگنے والے درندے اور سفاک قاتل عبرت ناک سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔ دہشت گردی کے عفریت کا خاتمہ اتحاد، اتفاق اور یگانگت سے کریں گے- وزیراعلیٰ نے گورنر ہاؤس پشاور میں وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹیوں کے رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت بھی کی۔