پاکستان ، افغانستان اور ایساف کا ملکر دہشت گردوں کے خاتمے کے عز م کا اظہار، آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی کابل میں افغان صدر اشرف غنی اورایساف کمانڈر سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ، افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں ہوگی کسی بھی دہشتگرد کی اطلاع پر فوری کارروائی ہوگی، افغان صدر کی یقین دہانی،ملاقات میں سانحہ پشاور کے حوالے سے خفیہ انٹیلی جنس معلومات پیش کی گئیں، افغانستان کے استحکام کیلئے بھرپور حمایت کرینگے،جنرل راحیل شریف،آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی وزیراعظم محمد نوازشریف سے ملاقات، دورہ افغانستان سے متعلق بریفنگ دی

جمعرات 18 دسمبر 2014 09:04

کابل ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2014ء )پاکستان ، افغانستان اور ایساف نے ملکر دہشت گردوں کے خاتمے کے عز م کا اظہار کیا ہے اور افغان صدر اشر ف غنی نے یقین دلایا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں ہوگی کسی بھی دہشتگرد کی اطلاع پر فوری کارروائی ہوگی ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کابل میں افغان صدر اشرف غنی اورایساف کمانڈر جوزف ڈنفورڈسے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جس میں دہشتگردی کیخلاف مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔

افغان صدر نے افغانستان کی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ ایساف کمانڈر نے بھی اپنے علاقے سے دہشتگردوں کے خاتمے کا یقین دلایا ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سانحہ پشاور کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے افغانستان کا دورہ کیا اور افغان صدر سے ملاقات کی ہے جس میں پاک افغان سرحد پر سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات میں سانحہ پشاور کے حوالے سے خفیہ انٹیلی جنس معلومات پیش کی گئیں افغان صدر نے آرمی چیف کو یقین دہانی کرائی کہ افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں ہوگی کسی بھی دہشتگرد کی اطلاع پر فوری کارروائی ہوگی دونوں رہنماؤں نے دہشتگردی کیخلاف مشترکہ کوشش کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان کے استحکام کیلئے بھرپور حمایت کرینگے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایساف کمانڈر سے بھی ملاقات کی پاک افغان بارڈر اور پشاور واقعہ کے حوالے سے اہم معلومات کاتبادلہ خیال کیاگیا ایساف کمانڈر نے یقین دلایا کہ وہ اپنے علاقے میں دہشتگردوں کا خاتمہ کرینگے ۔بعد ازاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم محمد نوازشریف کو دورہ افغانستان سے متعلق بریفنگ دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف بدھ کے روز افغانستان کے دورے سے وطن واپس پہنچے تو انہوں نے پشاورد میں وزیراعظم سے ملاقات کی۔آرمی چیف نے وزیراعظم کو دورہ افغانستان کے دوران افغان صدر اور ایساف کمانڈر سے ہونے والی ملاقاتوں پر بریفنگ دی اور انہیں پیش رفت سے آگاہ کیا ۔