عام انتخابات میں دھاندلی کے فوری آڈٹ کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے، عمران خان ،حکومت جوڈیشل کمیشن فور ی بنادے تو 18 دسمبر کو پاکستان بھر میں احتجاج کر کال واپس لے سکتے ہیں، ہم انتخابات نہیں ،انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں، شفاف الیکشن ہوں تو ملک میں حقیقی جمہوریت ملک میں آسکتی ہے ،لاہور میں تاجروں اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل ہے ایک دن کی قربانی دیں،پر امن طور پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے، پارٹی راہنماؤ ں کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیاسے گفتگو ، سعد رفیق جعلی ووٹوں سے ڈرے ہوئے ہیں ، پریس کانفرنس میں سعد رفیق کے منہ سے جھاگ نکل رہی تھی، (آج ) سے نواز شریف کیلئے الٹی گنتی شروع ہو جائے گی، اللہ کاکرم ہے کہ حلقے خود ہی کھلنا شروع ہو گئے، ایک پٹاخہ چلائے بغیر کراچی بند ہوا، آج لاہور بند کریں گے،تبدیلی کیلئے انصاف کی تحریک شروع کی ، ڈرانے کی کوشش کی گئی تو مقابلہ کریں گے، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا تحریک انصاف کے دھرنے سے خطاب

پیر 15 دسمبر 2014 07:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2013 ء میں دھاندلی کے فوری آڈٹ کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے،حکومت دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن فور ی بنادے تو 18 دسمبر کو پاکستان بھر میں احتجاج کر کال واپس لے سکتے ہیں، ہم انتخابات نہیں ،انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں، شفاف الیکشن ہوں تو ملک میں حقیقی جمہوریت ملک میں آسکتی ہے ،لاہور میں تاجروں اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل ہے کہ ایک دن کی قربانی دیں،پر امن طور پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو حکومت کے ساتھ مذاکرت اور لاہور میں آج(پیر کو ) ہونیوالے احتجاج کے حوالہ سے اپنی صدارت میں پارٹی راہنماؤ ں کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں پاکستان تحر یک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاریں ، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی ،اسد عمر کے علاوہ پی ٹی آئی کے سینئر راہنما اسحاق خاکوانی اور دیگر راہنماؤں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ،ڈاکٹر شیریں مزاریں ،اسد عمر ،جہانگیر خان ترین ،ڈاکٹر عارف علوی اور اسحاق خاکوانی نے پریس کانفرس کی ۔چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عام انتخابات 2013 ء میں ہونے والی دھاندلی کا فوری آڈٹ کے لے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے ۔ حکومت دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن فور ی بنادے تو پی ٹی آئی 18 دسمبر کو پاکستان بھر میں احتجاج کر کال واپس لے سکتی ہے۔

پی ٹی آئی لاہور میں بھر پوراپنی طاقت کا مظاہر ہ کرتے ہوئے احتجاج کرے گی۔ عمران خان نے کہا پی ٹی آئی دوبارہ انتخابات کا مطالبہ نہیں کررہی ہے بلکہ عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہی ہے ۔ پی ٹی آئی کے حکومت سے صرف چار حلقوں میں دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیاتھا لیکن افسو س کی ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود انصاف نہیں مل رہا ہے ۔

پی ٹی آئی کے چار حلقوں میں ایک حلقہ کا کیس سپریم کورٹ میں زیر التواء ہے اور دوحلقوں میں الیکشن ٹربیونلز اور نادرا کی رپورٹ آنا شروع ہوگئیں ہیں ۔لاہورمیں ایاز صادق کے حلقے اور سعد رفیق کے حلقوں میں نادرا کی رپورٹ کیمطابق دھاندلی سامنے آنا شروع ہوگئی ہے ۔ عمران خان نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی دوبارہ الیکشن نہیں چاہتی بلکہ چار حلقوں میں دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا شفاف الیکشن ہوں تو حقیقی جمہوریت ملک میں آسکتی ہے ۔ جس ملک میں اراکین پارلیمنٹ ہی جعلی ووٹوں سے پارلیمنٹ میں منتخب ہوکر جائیں اور عوام کے مینڈیٹ کو چراکر اسمبلی میں جائیں تو کس طرح عوام وملک وقوم کی خدمت ہوگی ۔ انہوں نے کہا ساری دنیا میں ٹربیونل ایک ماہ میں فیصلے کرتے ہیں لیکن پاکستان میں ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود انصاف ہی نہیں مل رہا ہے۔

پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ مذاکرت کرنے کو تیار ہے ۔ دونوں جماعتوں کے طرف سے بنائی گئی کمیٹیوں کے ممبران ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کریں گے اور باقاعدہ ایم او یو دستخط کیے جائیں گے ۔ عمران خان نے کہا پی ٹی آئی لاہور میں تاجروں اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کرتی ہے کہ ایک دن کی قربانی دیں ۔کیونکہ قربانی دینے سے آزادی ملتی ہے ۔ لاہور میں کسی بھی کاربار کو ڈنڈے کی طاقت پر بند نہیں کرایا جائے گابلکہ پرامن طور پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔

عمران خان نے کہا حکومت نے لاہور میں فیصل آباد واقعہ کی طرح تاریخ دہرانے کی کوشش کی تو عوامی طاقت کیمطابق جواب دیا جائے گا۔ بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سعد رفیق جعلی ووٹوں سے ڈرے ہوئے ہیں ، پریس کانفرنس میں سعد رفیق کے منہ سے جھاگ نکل رہی تھی، کل سے نواز شریف کیلئے الٹی گنتی شروع ہو جائے گی، اللہ کاکرم ہے کہ حلقے خود ہی کھلنا شروع ہو گئے، ایک بھی پٹاخہ چلائے بغیر کراچی بند ہوا، آج لاہور بند کریں گے،تبدیلی کیلئے انصاف کی تحریک شروع کی ہے، ڈرانے کی کوشش کی گئی تو مقابلہ کریں گے، ڈرانے والے خود ڈریں گے،پولیس کا استعمال کر کے مجھے اور پرویز خٹک کو اشتہاری قرار دے دیا گیا، نئے پاکستان میں نواز شریف ہو یا زرداری جیلوں کی ہوا کھائیں گے۔

وہ اتوار کو شاہراہ دستور پر تحریک انصاف کے دھرنے سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران لاہور کی ہڑتال میں ہمیں فیل کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں، شریف برادران جو چاہیں کر لیں، لاہور فیصلہ کربیٹھا ہے، لاہور کا احتجاج پرامن ہو گا، تاہم اگر گلوؤں کا استعمال کیا گیا تو پھر ہم بھی پرامن نہیں رہیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ تبدیلی کیلئے انصاف کی تحریک چل رہی ہے، ملک میں ایسا لگتا ہے کہ پیسا ہے تو تعلیم اور نوکری ملے گی ورنہ نہیں، یہاں ہر چیز پیسے سے ہی ملتی ہے،حکمرانوں نے پیسے کی قوت سے عوام سے ووٹ کا حق بھی چھین لیا،ظلم کے نظام کو تبدیل کرنے کیلئے انصاف کی تحریک چلائی، ہم مشکلوں کا سامنا کر رہے ہیں لیکن ہار نہیں مانی اور نہ ہی ہم ہار مانیں گے، لاہور کے احتجاج کے بعد سے نواز شریف کیلئے احتجاج کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے لیکن موقع نہیں دیا جاتا۔ موقع ملا تو میرے ملازم کی بیٹی نے نمل یونیورسٹی سے ڈگری لے لی۔ انہوں نے کہاکہ سعد رفیق اپنے حلقے میں جعلی ووٹ نکلنے سے بہت زیادہ ڈرے ہوئے ہیں، سعد رفیق نے آج پریس کانفرنس کی تو غصے اور ڈر کے مارے منہ سے جھاگ نکل رہی تھی۔اللہ کا کرم ہے کہ ہمیں کچھ نہیں کرنا پڑا، حلقے خود ہی کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔