عمران خان کے ہوتے ہوئے ملک کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں، خواجہ سعد رفیق، 8 دسمبر کو پاکستان بند کرنے کی شیطانی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی، کپتان بال ٹھاکرے بننے کی کو شش نہ کریں، انکی زبان درازی جوڈیشل کمیشن بننے میں رکاوٹ ہے ،وزیر ریلوے

ہفتہ 13 دسمبر 2014 08:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13دسمبر۔2014ء ) : وزیر ریلوے اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کے بال ٹھاکرے بننے کی کوشش نہ کریں جبکہ ان جیسے لوگوں کے ہوتے ہوئے ملک کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تحریک انصاف کے کراچی میں ہونے والے احتجاج نے ملک کو 15 ارب روپے کا نقصان پہنچایا، شہروں میں کاروبار بند کرانے پر تحریک انصاف کو فخر نہیں بلکہ شرم کرنی چاہئے اور عمران خان جیسے ناعاقبت اندیشوں کی موجودگی میں پاکستان کو دشمنوں کی ضرورت نہیں۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران پاکستان کے بال ٹھاکرے بننے کی کوشش نہ کریں، 18 دسمبر کو ان کی پاکستان بند کرنے کی شیطانی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی زبان درازی جوڈیشل کمیشن کے قیام میں بڑی رکاوٹ ہے تاہم حکومت اس حوالے سے سپریم کورٹ کو خط لکھ چکی ہے اور اب کمیشن بنانا یا نہ بنانا سپریم کورٹ کا استحقاق ہے۔