نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے سسٹم میں فنی خرابی، کئی شہروں میں بجلی بند ، سسٹم میں فنی خرابی کے باعث خیبرپختونخوا، پنجاب کے متعدد شہروں میں بجلی کا بریک ڈاون ہو گیا، خرابی دور کر رہے ہیں چار پانچ گھنٹے میں بجلی بحال کر دی جائیگی،اسلام آباد اور راولپنڈی کے وی آئی پی اور حساس گرڈز کو بند ہونے سے بچا لیا گیا ہے،ترجمان وزارت پانی و بجلی

ہفتہ 13 دسمبر 2014 08:51

اسلام آبا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13دسمبر۔2014ء ) نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے سسٹم میں فنی خرابی کی وجہ سے تربیلا اور منگلا پاور ہاوٴس سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جس کے نتیجے میں خیبرپختونخوا، پنجاب کے متعدد شہروں میں بجلی کا بریک ڈاون جاری ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات فیصل آباد، اسلام آباد، اٹک، چکوال، راولپنڈی، جہلم سمیت متعدد علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ طلب کے مقابلے میں بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث بریک ڈاون ہوا۔

(جاری ہے)

لوڈ کے برعکس فرنس آئل پر مشتمل پاور پلانٹس کو بند رکھا گیا ہے۔ تربیلا اور غازی بروتھا پاور ہاوٴس پر دباوٴ بڑھنے کی وجہ سے ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہوئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، اٹک، چکوال، راولپنڈی، جہلم سمیت متعدد علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی ہے تاہم اسلام آباد اور راولپنڈی کے وی آئی پی اور حساس گرڈز کو بند ہونے سے بچا لیا گیا ہے۔ ترجمان وزارت پانی و بجلی کا کہنا ہے کہ نیشنل ناردرن لائن ٹرپ ہونے کے باعث بجلی منقطع ہوئی بجلی کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا۔ 4 سے 5 گھنٹے لگیں گے، ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوب میں بجلی کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی۔