پاکستان تحریک انصاف نے سندھ حکومت کے آشیرباد سے کراچی میں12مئی کے فارمولے سے پولیس کی مدد سے اہم شاہراہوں کوبند کردیا،عمران خان کی جانب سے کراچی میں دھاندلی کے اصل کرداروں کا نام نہ لینے پر کارکنان دل برداشتہ،تحریک انصاف کی قیادت نے کراچی کی اہم شاہراہوں سے دھرنے کو ختم کرکے کارکنان کو نرسری شاہراہ فیصل پر مرکزی پروگرام منعقد کر دیا

ہفتہ 13 دسمبر 2014 08:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13دسمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف نے سندھ حکومت کے آشیرباد سے کراچی میں12مئی کے فارمولے سے پولیس کی مدد سے اہم شاہراہوں کوبند کردیا،عمران خان کی جانب سے کراچی میں دھاندلی کے اصل کرداروں کا نام نہ لینے پر کارکنان دل برداشتہ ،تحریک انصاف کی قیادت نے کراچی کی اہم شاہراہوں سے دھرنے کو ختم کرکے کارکنان کو نرسری شاہراہ فیصل پر مرکزی پروگرام منعقد کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات نہ ہونے پر احتجاجی سلسلے کے دوران کراچی کی اہم شاہراہوں پر دھرنے اوراحتجاج کا اعلان کیا ۔سندھ حکومت نے کراچی کے9اہم مقامات پر تحریک انصاف کو دھرنے کی اجازت دی تاہم تحریک انصاف نے شہرکے2درجن سے زائد مقامات کو رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کردیا ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں شہریوں کا کہناتھا کہ کراچی کو12مئی کے طرز پر دوبارہ بند کیا گیا ہے تاہم12مئی جیسی خون ریزی نہیں ہوئی یہ خوش آئند بات ہے لیکن پولیس کی سرپرستی میں سڑکوں کو اس طرح ٹرک ،ٹرالر اور کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے کہ موٹر سائیکل بھی نہ گزر سکے۔

واضح رہے کہ کراچی میں نیشنل ہائی وے پر قائدآباد ،داود چورنگی،کورنگی صنعتی ایریا،قیوم آباد چورنگی ،ڈیفنس موڑ،پنجاب چورنگی ،نیٹی جیٹی پل،ماڑی پور روڈ ،ناظم آبادسمیت دیگر علاقوں کی شاہراہوں کو ٹرک اور ٹرالر کی مدد سے رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کیا گیا ۔ دھرنوں کے باعث کراچی پولیس موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی پر عمل نہ کروا سکی۔

کراچی میں دھرنا دینے والوں کی تعداد کم ہونے کے باوجود پولیس کی بھاری نفری ان کی حفاظت پر مامور رہی اور پولیس نے دھرنا دینے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی کراچی آمد تک شہر کی اہم شاہراہوں پر دھرنا دینے والے افراد کی تعداد دو درجن سے زائد نہ ہوسکی ۔اس دوران عمران خان نے کراچی ائیر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کی اور پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔

کراچی میں ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر موجود تحریک انصاف کے کارکنوں نے عمران خان کی صحافیوں سے گفتگو کے دوران پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے پر خوشی تو ہوئی تاہم کارکنان کا کہنا تھا کہ کراچی میں انتخابی دھاندلی میں ملوث اصل چہروں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جائے ۔اس موقع پر کارکنوں نے پاکستا ن پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف بھی نعرے بازی کی ۔

کارکنان کے ردعمل کو دیکھتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی قیادت نے کراچی کے مختلف مقامات پر عمران خان کو دورہ کرانے کے بجائے تمام کارکنان کو تحریک انصاف کے سیکرٹریٹ شارع فیصل نرسری پر جمع ہونے کی ہدایت جاری کی ۔جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں دئیے جانے والے دھرنے جمعہ کی نماز پر ہی ختم ہوگئے ۔واضح رہے کہ تحریک انصاف نے دھرنوں کے حوالے سے پہلے اعلان کیا تھا کہ دھرنے مغرب تک جاری رہیں گے اور عمران خان تقریبا تمام مقامات پر جاکر کارکنان سے خطاب کر یں گے ۔