عمران خان تسلیم کریں وزیراعظم نے کھلے دل سے مذاکرات کی دعوت دی،پرویزرشید

جمعہ 12 دسمبر 2014 08:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12دسمبر۔2014ء)وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویزرشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے سیاسی بحران کے حل کیلئے تحریک انصاف کو کھلے دل سے مذاکرات کی دعوت دی ہے،عمران خان کو یہ حقیقت تسلیم کرنی چاہیے اور لوگوں کو گمراہ نہیں کرناچاہیے۔وفاقی وزیر اطلاعات تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرعظم نواز شریف نے کھلے دل کے ساتھ تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت تمام مسائل کا سیاسی حل چاہتی ہے۔ احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے لیکن دھرنوں سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آ ئی کے چیئرمین بھی کھلے دل سے اعتراف کریں کہ وزیراعظم نے مذاکرات کی واضح دعوت دی ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ کی طرف سے تجویز کئے گئے قومی اسمبلی کے چاروں حلقے پہلے ہی کھول دئیے گئے ہیں اور الیکشن ٹریبونلز اس سلسلے میں عرضداشتوں کی سماعت کررہے ہیں،چاروں حلقوں میں سے کسی کیلئے بھی کوئی عبوری حکم جاری نہیں کیا۔