اسد عمر اور احسن اقبال میں ملاقات ختم ، اگلا دور 13 دسمبر کو شروع ہو گا، مذاکرات کا آغاز مثبت عمل ہے : احسن اقبال

جمعہ 12 دسمبر 2014 08:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12دسمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ختم ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ختم ہو گیا جس میں حکومت کی جانب سے احسن اقبال اور تحریک انصاف کی جانب سے اسد عمر نے شرکت کی۔اس ملاقات میں باقاعدہ مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا جس کے تحت اگلا دور 13 دسمبر کو دوسرا دور شروع کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اس دور میں حکومت کی جانب سے اسحاق ڈار جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی بھی شریک ہوں گے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء اور تحریک انصاف کے ساتھ مذاکراتی ٹیم کے رکن احسن اقبال نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کے آغاز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے مذاکرات کے لیے اسد عمر کے ساتھ غیر رسمی مذاکرات ہوئے ہیں تاہم ان کے ساتھ باقاعدہ مذاکرات ہفتہ کی شام یا اتوار کے روز ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ آج سے مذاکرات کا آغاز ہو ا ہے اور یہ آغاز مثبت رہا ہے۔انہوں نے میڈیا سے کہا کہ جمہوریت میں مذاکرات ہی بہترین حل ہوتے ہیں جبکہ یہ عمل انتہائی مثبت ہے۔ یاد رہے اسد عمر اور احسن اقبال کے درمیان مذاکراتی ملاقات تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین کے گھر پر ہوئی تھی۔