وفاقی حکومت کی پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے چار حلقے کھولنے بارے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست فوری طور پر مسترد کرنے کی استدعا ،سپریم کورٹ کو مداخلت کا اختیار نہیں، مداخلت سے آئین کے آرٹیکل 225کی خلاف ورزی ہوگی ۔ انتخابی معاملات پر الیکشن کمیشن اور الیکشن ٹربیونل ہی درست فورم ہیں جہاں یہ معاملات جاری ہیں،درخواست میں موقف

جمعہ 12 دسمبر 2014 08:29

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12دسمبر۔2014ء ) وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے چار حلقے کھولنے کے بارے میں سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر مسترد کرنے کی استدعا کی ہے ۔ یہ استدعا اٹارنی جنرل آفس کی طرف سے عدالت میں اس درخواست پیروائز جواب میں کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

جواب میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے ان حلقوں 110،122،125اور 154 کے معاملے انتخابی ٹربیونلز میں زیر سماعت ہیں اور ٹربیونلز آئین کے آرٹیکل 218(3)کے تحت کارروائی کررہے ہیں ۔

سپریم کورٹ کو اس میں مداخلت کا اختیار نہیں ا ور مداخلت سے آئین کے آرٹیکل 225کی خلاف ورزی ہوگی ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ انتخابی معاملات پر الیکشن کمیشن اور الیکشن ٹربیونل ہی درست فورم ہیں جہاں یہ معاملات جاری ہیں اس لئے تحریک انصاف کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کی جائے واضح رہے کہ یہ جواب پاکستان ورکرز پارٹی بنام وفاق کیس میں جمع کرایا گیا ہے جس میں پی ٹی آئی کے تمام الزامات کو غلط قرار دیا گیا ہے