وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں پارٹی رہنماوٴں کا اہم اجلاس ،تحریک انصاف سے مذاکرات کے حوالے سے تبادلہ خیال ،وزیراعظم کا وفاقی وزیر خزانہ کو تحریک انصاف سے فوری رابطہ کرکے دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کی ہدایت ، مذاکرات ہونے چاہیں مگرحکومت کے کسی وزیر یاوزیراعظم پاکستان کے استعفے پر ہرگزبات نہ ہوگی،نواز شریف

جمعرات 11 دسمبر 2014 08:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11دسمبر۔2014ء )وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو تحریک انصاف سے فوری رابطہ کرکے دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں پارٹی رہنماوٴں کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چوہدری نثارعلی خان ،شاہد خاقان عباسی ،اسحا ق ڈارسمیت دیگر لوگوں نے شرکت کی اور اجلاس میں تحریک انصاف سے مذاکرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پروزیراعظم نے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو فوری طور پر چیرمین تحریک انصاف عمران خان سے رابطہ کر کے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کی۔ذرائع کاکہناہے کہ وزیراعظم میاں محمدنوازشریف نے واضح کیاہے کہ مذاکرات ہونے چاہیں مگرحکومت کے کسی وزیر یاوزیراعظم پاکستان کے استعفے پر ہرگزبات نہ ہوگی باقی جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کاپہلے ہی وزیراعظم نوازشریف چیف جسٹس پاکستانناصرالملک سے کمیشن کی تشکیل کی استدعا کرچکے ہیں واضح رہے کہ تحریک انصاف نے انتخابات مین دھاندلی کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دیا ہوا ہے جس کو 100 دن سے زائد ہوگئے ہیں جب کہ عمران خان نے حکومت پر دباوٴ بڑھانے کے لئے اپنے ”پلان سی“ کا اعلان کیا تھا جس کے تحت فیصل آباد، کراچی اورلاہور میں احتجاج اورہڑتال کے علاوہ 18 دسمبر کو ملک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، فیصل آباد میں 8 دسمبر کو احتجاج کے دوران تحریک انصاف اورمسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں پی ٹی آئی کا ایک کارکن اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھا تھا جب کہ اس دوران پورے دن فیصل آباد کی مختلف سڑکیں میدان جنگ کا منظر بھی پیش کرتی رہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کاکہناہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے میں تحریک انصاف اورحکومت کے درمیان مذاکرات شروع ہونے کاقوی امکان ہے ۔