لندن میں تحریک انصاف کے کا ر کنو ں نے مولانا فضل الرحمن کو گھیر لیا ، دو نو ں جما عتو ں کے کا ر کنو ں میں جھگڑا ، بر وقت مدا خلت سے بڑے تصا دم کا خطر ہ ٹل گیا ، کسی قسم کے تشددکی حمایت نہیں کریں گے ،اسلام میں غنڈہ گردی کی کوئی گنجائش نہیں،مولانا فضل الرحمن

منگل 9 دسمبر 2014 08:41

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9دسمبر۔2014ء)لندن میں جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کیخلاف پی ٹی آئی کے کارکنوں نے نعرے بازی کی ، اس موقع پر دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا بھی ہوا اور مبینہ طورپر فضل الرحمن پر حملے کی کوشش بھی گئی۔لندن میں جے یو آئی ف اور تحریک انصاف کے کارکن آمنے سامنے آگئے ، تحریک انصاف کے کارکنوں نے مولانا فضل الرحمن کو گھیر لیا ، ان کے خلاف نعرے بھی لگائے لیکن دونوں جماعتوں کے درمیان بڑا تصادم ہونے سے بچ گیا۔

لندن کے نیو ساوتھ ہال میں صورتحال اس وقت خراب ہوئی جب مولانا فضل الرحمان پارٹی کے رہنما خالد سومرو کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کے بعد ہال سے باہر آرہے تھے ، اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے ان کے خلاف نعرے لگائے لیکن کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے جے یو آئی ف کے کارکنوں نے مولانا فضل الرحمان کو اپنے حصار میں لے لیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ انہوں نے مولانا پر حملہ نہیں کیا بلکہ جے یو آئی کے کارکنوں نے حملہ کرکے ان کے ایک ساتھی کو زخمی کیا ، جس پر تشدد کی پولیس کو رپورٹ کراسکتے ہیں۔

واقعہ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ کسی قسم کے تشددکی حمایت نہیں کریں گے ،اسلام میں غنڈاگردی کی کوئی گنجائش نہیں۔تصادم سے پہلے اسی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا تھاکہ دھرنوں کی میڈیا کوریج بند کردی جائے تو ملک کے حالات جلد نارمل ہو جائیں گے۔