حالیہ جنگجویانہ حملے میں پاکستان ملوث ہے‘ بھارتی فوج،پاکستان جنگجوؤں کو بھرپور تعاون فراہم کررہا ہے‘ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہماری فوج نے دراندازی کو روکنے کیلئے سخت انتظامات کررکھے ہیں، ہماری فورسز ہر دم الرٹ ہیں، پریس کانفرنس میں الزام،پاکستان نے بھارتی الزامات مسترد کر دیا ،پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں صف اول کا اتحادی ملک ہے، ترجمان دفتر خارجہ

منگل 9 دسمبر 2014 08:34

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9دسمبر۔2014ء) پاکستان پر جنگجوؤں کی دراندازی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے بھارتی فوج کے سربراہ جنرل سبھروتاسہا نے کہا ہے کہ صورہ فوجی کیمپ پر حملے میں ملوث جنگجو اعلی تربیت یافتہ تھے۔ سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سبھروتا نے کہا کہ پاکستان جنگجوؤں کو دراندازی میں بھرپور تعاون فراہم کررہا ہے اور پھر انہیں دراندازی کیلئے ریاست میں داخل کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہماری فوج نے دراندازی کو روکنے کیلئے سخت انتظامات کررکھے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اکثر جنگجو سرحد کیساتھ ہی مارے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فورسز ہر دم الرٹ ہیں۔ادھر پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے حالیہ حملوں بارے بھارتی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے بنیاد الزامات کا مقصد دہشتگردی کیخلاف جنگ میں صف اول کے کردار ادا کرنے والے ملک کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے بھارتی اْمور خارجہ کی وزارت کی ترجمان کے بیانات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہاہے کہ یہ الزامات بے بنیاد اور پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔اْنہوں نے کہا کہ پاکستان 'دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صف اول کا اتحادی ملک ہے اور وہ دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہواہے۔ اْنہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تشدد کئی دہائیوں سے جاری بھارت کی ظالمانہ پالیسیوں اور ڈھونگ انتخابات کا نتیجہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان 'اقوام متحدہ کے تحت اپنی ذمہ داریاں انتہائی سنجیدگی سے پوری کررہاہے تاہم بھارت نے کشمیر کے بارے میں عالمی ادارے کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کیا۔ بھارت پاکستان پر الزام تراشی سے قبل سمجھوتہ ایکپرس حملے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہچائے جودہشتگردوں کا بد ترین ثبوت ہے کواْنہوں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ حقیقت سمجھنے کی کوشش کرے کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول سے کم کوئی چیز تسلیم کرنے کو تیار نہیں جس کا اقوام متحدہ نے ان سے وعدہ کیاتھا۔

تسنیم اسلم نے ایک سوال پر کہا کہ چین نے پاک چین اقتصادی راہداری بروقت مکمل کرنے کا یقین دلایا ہے۔اْنہوں نے کہا کہ چین کے سٹیٹ قونصلر نے پاکستان کے تین روزہ دورے میں پاک چین دوستی کے فروغ میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔اْنہوں نے کہا کہ سٹیٹ قونصلر نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان اور چین خطے میں دہشتگردی سے نمٹنے اور منشیات کی سمگلنگ روکنے کیلئے مل کر کام کریں گے

متعلقہ عنوان :