وزیراعلیٰ شہباز شریف کا فائرنگ کے واقعہ کا سخت نوٹس ،ملوث افراد کو فی الفور گرفتار کرنے کا حکم ،فیصل آباد میں پیدا ہونے والی صورتحال بعض سیاسی رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات کا نتیجہ ہے، کارکن پر امن رہیں ، اشتعال میں نہ آئیں اور صبرو تحمل کا مظاہرہ کریں،شہبازشریف کی اپیل

منگل 9 دسمبر 2014 08:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9دسمبر۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے فیصل آباد کے علاقے ناولٹی پل کے قریب فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے- وزیراعلیٰ نے واقعات کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ فائرنگ میں ملوث افراد کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے -انہوں نے کہاکہ فیصل آباد میں پیدا ہونے والی صورتحال بعض سیاسی رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات اور گھیراؤ جلاؤ کی اپیلوں کا نتیجہ ہے- انہوں نے کہاکہ مجھے قیمتی انسانی جان کے ضیاع پربہت افسوس ہوا ہے اور میں نے بلا تاخیر پولیس حکام کو ذمہ دار افراد کی گرفتار ی کا حکم دیدیا ہے -انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کے کارکنو ں سے اپیل ہے کہ وہ پر امن رہیں ، اشتعال میں نہ آئیں اور صبرو تحمل کا مظاہرہ کریں-انہوں نے کہاکہ پرامن احتجاج قانونی اور آئینی حق ہے تاہم احتجاج کی آڑ میں کسی کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔

(جاری ہے)

قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ فیصل آباد میں امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں اور اس ضمن میں پولیس او رانتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کریں کیونکہ امن عامہ کو برقرار رکھنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے فیصل آباد میں جاں بحق ہونے والے حق نواز کے بھائی کی اپیل پر نوٹس لیتے ہو ئے کہا ہے کہ قتل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ قتل میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔اس سلسلے میں پہلے ہی آر پی او فیصل آباد کو ملزم کی گرفتاری کے بارے میں ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔