قانون شکنوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائیگی ، رانا ثناء الله ،پی ٹی آئی والے پرامن احتجاج کریں اور اپنی اوقات میں رہیں اگر کسی جگہ توڑ پھوڑ ‘ انتشار ‘ بدامنی یا لوگوں کے جان و مال سے کھیلنے کی کوشش کی گئی تو قانون حرکت میں آئے گا اور شرپسندوں سے سختی سے نپٹیں گے ،عمران خان کی فیصل آباد پر یلغار‘شہر کو بند اورشہریوں کو گھروں میں محصور کرنے کا خواب خاک میں ملا دیا جائے گا ،صحافیوں سے گفتگو

پیر 8 دسمبر 2014 07:26

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8دسمبر۔2014ء)سابق صوبائی وزیر قانون و بلدیات رانا ثناء الله خاں نے کہا ہے کہ قانون شکنوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائیگی ، پی ٹی آئی والے پرامن احتجاج کریں اور اپنی اوقات میں رہیں اگر کسی جگہ توڑ پھوڑ ‘ انتشار ‘ بدامنی یا لوگوں کے جان و مال سے کھیلنے کی کوشش کی گئی تو قانون حرکت میں آئے گا اور شرپسندوں سے سختی سے نپٹیں گے ،عمران خان کی فیصل آباد پر یلغار‘شہر کو بند اورشہریوں کو گھروں میں محصور کرنے کا خواب خاک میں ملا دیا جائے گا کیونکہ فیصل آباد بنی گالا کا محل ہے اور نہ یہود و نصاری کے سرغنہ گولڈ سمیتھ کی طرف سے دئیے گئے جہیز کا حصہ ہے ۔

انہوں نے یہ بات زرعی یونیورسٹی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

رانا ثناء الله خاں نے کہا کہ پاکستان کا آئین اور قانون پر امن احتجاج کی اجازت دیتا ہے اور عمران خان جب بھی پرامن احتجاج اور جلسے کے لئے فیصل آباد آئے تو لوگوں نے انہیں موقع دیا اور حکومت نے تحفظ فراہم کیا۔ لیکن اب عمران خاں جو مذموم مقاصد لے کر آرہے ہیں فیصل آباد کے شہری اسے ناکام بنا دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ آٹھ دسمبر کو فیصل آباد میں معمولات زندگی معمول کے مطابق رہیں گے ۔انتظامیہ سیکورٹی کی فراہمی اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو نبھائے گی لیکن کسی کو زبردستی کوئی دکان بند کرانے یا سینہ زوری کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے بیٹھ کر احتجاج کریں یا ناچ کر ‘لیکن وہ اپنی حدود میں رہ کر پرامن رہیں ۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے تاجروں کی اڑھائی سو قریب تنظیموں ‘ ٹرانسپورٹرز اور دیگر طبقات نے کھلے عام پریس کانفرنسز کرکے متفقہ طور پر عمران خان کی احتجاجی کال کو پر زور طریقے سے مسترد کر دیا ہے لیکن عمران کنٹینر پر کھڑے ہو کر تاجروں کی حمایت کا دعوی کرکے اپنا دل بہلا رہے ہیں ۔انہیں فیصل آباد سے ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

رانا ثناء الله خاں نے واضح کیا کہ اگر کوئی تاجر اپنی مرضی سے دکان بند رکھناچاہتا تو وہ نہ کھولے لیکن کھلی دکانوں کو بند کرانے یا پتھراؤ کرنے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ بنائے گا اور لوگوں کی جان و مال کا تحفظ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اپنے احتجاج کی آخری منزل کی طرف آچکے ہیں اور شہروں کو بند کرنے کے ہتھکنڈوں سے ان کی سیاست اپنی موت آپ مر جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کا مشن جاری رہے گا اور حلقہ کے کارکنوں کی مشاورت سے تعلیم ‘صحت ‘ مواصلات اور دیگر شعبوں میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی اور بنیادی سہولتوں کے ان شعبوں میں تکمیل شدہ منصوبوں میں مزید وسعت لانے کے لئے ایک انقلابی ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے ۔