حکومت 48گھنٹوں میں جوڈیشل کمیشن بنادے مسائل حل ہوجائیں گے،عمران خان ،مجھے وزیراعظم بننے کا کوئی شوق نہیں ‘ جوڈیشل کمیشن جو بھی فیصلہ کرے گا قبول ہوگا،فیصل آباد کے عوام کو مشکلات میں نہیں ڈالنا چاہتے، احتجاج کو روکنے کی کوشش کی گئی تو اسٹریٹ پاور سے ملک کو بند کردیں گے،حکمرانوں کو عوام کی پرواہ نہیں لوگ اپنے حقوق کیلئے نکلیں،دھاندلی کی تحقیقات کے مطالبے پر قائم ہیں، ذمہ داروں کو سزائیں دی جائیں،دھرنے کی وجہ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہوئیں، چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی تقرری پر کوئی اعتراض نہیں، بنی گالہ میں پریس کانفرنس ،دھرنے سے خطاب

پیر 8 دسمبر 2014 07:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8دسمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت جوڈیشل کمیشن اور جوائنٹ کمیشن بنانے پر راضی ہوگئی تھی لیکن دباؤ کم ہونے کی وجہ سے پیچھے ہٹ گئی، حکومت 48گھنٹوں میں جوڈیشل کمیشن بنادے مسائل حل ہوجائیں گے،فیصل آباد کے عوام کو مشکلات میں نہیں ڈالنا چاہتے، احتجاج کو روکنے کی کوشش کی گئی تو اسٹریٹ پاور سے ملک کو بند کردیں گے،حکمرانوں کو عوام کی پرواہ نہیں لوگ اپنے حقوق کیلئے نکلیں،دھاندلی کی تحقیقات کے مطالبے پر قائم ہیں اور ذمہ داروں کو سزائیں دی جائیں،دھرنے کی وجہ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہوئیں، چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی تقرری پر کوئی اعتراض نہیں۔

اتوار کے روز بنی گالہ اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلے ملک میں آمریت اور بعد میں 6سالہ جمہوریت نے ملک کو نقصان پہنچایا اور6سالہ جمہوریت میں ملکر بندربانٹ کی گئی اور فرینڈلی اپوزیشن کے ذریعے کرپشن کھلے عام کی اور ہر آدمی کے سر پر 35سے90ہزار کا قرضہ چڑھ گیا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ ہمارے دھرنے کی وجہ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہوئیں کیونکہ ہم کنٹینر پر چڑھ کر روزانہ چیختے تھے کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہورہی ہیں تو اس دباؤ کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات میں کمی آئی۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں دھرنے کی وجہ سے ملک کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ دھرنے کے دباوٴ سے ہی ملک میں تیل کی قیمتیں اور کرپشن کم ہوئی جب کہ اسحاق ڈار نے بھی آئی ایم ایف سامنے یہ کہا کہ اگست کے بعد ملک میں ترقی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کہتی ہے کہ اگر ملک میں کرپشن اور بجلی چوری ختم ہوجائے تو بجلی کی قیمتیں آدھی ہوجائیں گی لیکن ایسے اقدامات نہیں کئے جاتے۔

عمران خان نے کہا کہ فیصل آباد کے عوام سے تکلیف دینے پر معذرت خواہ ہوں لیکن انکو اپنے حق کی خاطراحتجاج میں شریک کرنا ہوگا اور اگر احتجاج روکنے کیلئے حکومت نے کوئی ہتھکنڈے استعمال کئے تو پھر اسٹریٹ پاور سے پورا ملک بند کردینگے۔انہوں نے کہا کہ کسان بھی فیصل آباد احتجاج میں شرکت کریں کیونکہ گنے کی قیمت کم کردی گئی جبکہ کسان کے اخراجات بڑھا دئیے گئے اورسندھ میں آدھی شوگر ملیں آصف زرداری کی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں تمام جماعتوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی لیکن تحریک انصاف دھاندلی کی تحقیقات چاہتی ہے پہلے حکومت جوڈیشل کمیشن اور جوائنٹ کمیشن کی تشکیل پر راضی ہوگئی تھی لیکن جب دباؤ تھوڑا کم ہوا تو پھر پیچھے ہٹ گئی لیکن اب دباؤ کم نہیں کیا جائے گا اور فیصل آباد کا احتجاج ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہے تو جوڈیشل کمیشن بنائے اور حکومت چاہے تو48گھنٹوں میں جوڈیشل کمیشن بنا کر ایک ہفتے میں مسائل حل کر سکتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی شخصیت پر کوئی اعتراض نہیں لیکن انکے نیچے جو4صوبائی الیکشن کمیشن ہیں انکو مستعفی ہونا چاہئے اس طرح فخر الدین جی ابراہیم پر بھی کوئی اعتراض نہیں تھا لیکن انکے نیچے 4صوبائی الیکشن کمشنرز پر اعتراض تھا پوری دنیا میں الیکشن کمیشن آزاد ہوتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ بھارت میں 50کروڑ لوگوں نے ووٹ ڈالے لیکن کسی نے بھی دھاندلی کا نہیں کہا لیکن یہاں پر تمام پارٹیاں دھاندلی کا پارلیمنٹ میں بھی براہ راست کہتی رہیں،اعتزاز احسن نے بھی پارلیمنٹ میں دھاندلی کا کہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر اسحاق ڈار اورحکومت مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہیں تو اسحاق ڈار باضابطہ طور پر فون کرکے جگہ اور وقت بتائیں اور اپنا ذہن واضح کریں لیکن یہاں پر ایک وزیر مذاکرات تو دوسرا تابڑ توڑ حملے کرتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ این اے122پر کہا جارہا ہے کہ عمران خان ثبوت پیش نہیں کرسکتے اگر عدالت تھیلے کھول دے تو ثبوت سامنے آجائیں گے اور ایاز صادق کلےئر ہوئے تو خود جاکر ان سے ہاتھ ملا کر انکو مبارکباد دوں گا ۔

عمران خان جنوبی پنجاب سے تحریک انصاف میں شمولیت حاصل کرنے والے سیاسی شخصیات سیف الدین کھوسہ،نیازخان جھکڑ اور بہادر خان کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ تحریک انصاف اب اس امیدوار کو ٹکٹ دے گی جو کوائف وضوابط کے مطابق پارلیمنٹری بورڈ کے مطابق اہل ہوں گے کیونکہ پہلے بھی وقت نہ ہونے کی وجہ سے تحریک انصاف نے ناموزوں امیدواروں کو ٹکٹ دیا بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے دباؤ سے ملک میں مہنگائی کم ہوئی، تحریک انصاف اور عمران خان ہر غریب اور مظلوم شخص کے ساتھ ہے، پاکستان کی ریلوے لوگوں کو بتا رہی ہے کہ اسلحے اور منشیات کی اسمگلنگ کیسے کی جاتی ہے، جب تک قوم کھڑی نہ ہو، انصاف نہیں ملتا، میانوالی کی ٹرالر یونین بھی نواز شریف سے زیادہ ٹیکس دیتی ہے، دھاندلی سے جیتنے والے سعد رفیق وزیر ریلوے ہیں، الیکشن کمیشن کی یادداشت واپس آنا شروع ہو گئی ہے، پہلے کہا گیا کہ 76لاکھ اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے پھر کہا گیا کہ 96 لاکھ ،اب کہان جا رہا ہے کہ 1 کروڑ 17 لاکھ اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے، نیشنل ہائی وے کے معاہدے پر شاہد اشرف تارڑ کے سائن تو ٹھیک لیکن سیف الرحمان کے دستخط کس بناء پر کروائے گئے، اربوں کے پراجیکٹ پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما کے دستخط کرپشن کو بے نقاب کر رہے ہیں، شہباز شریف صوبے کا وزیر اعلیٰ نہیں بلکہ شہنشاہ کا بھائی بنا ہوا ہے، قطر میں معاہدے کر رہے ہیں، تحریک انصاف کے اپوزیشن بننے کی وجہ سے پہلی بار تحریک انصاف کے اپوزیشن بننے کی وجہ سے پہلی بار ملک میں کرپشن نیچے آئی ہے۔

اتوار کی رات آزادی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غریبوں کے کوئی حقوق نہیں ہیں، یورپی ممالک میں ہمارے انسانوں سے زیادہ جانوروں کے حقوق ہیں، فیصل آباد والے فیصلہ کریں، کرپٹ حکمران سے جان چھڑانا چاہتے ہیں کہ نہیں، حکمرانوں کی معاشی پالیسی آئی ایم ایف سے قرض پر قرض لینا ہے، یہ کیسی پالیسی ہے کہ ملک چلانے کیلئے قرض ہو، ایک ایک پاکستانی پر ہزاروں روپے قرضہ ہے، بجلی کی سبسڈی سے غریب کو 30فیصد جبکہ امیر کو 40فیصد فائدہ پہنچایا گیا، فیصل آباد والے فیصلہ کریں، حقوق کی جنگ لڑنی ہے کہ نہیں، اگر آپ پاکستان کے حالات سے خوش ہو تو بے شک کل دکانیں کھلی رکھنا، اگر فیصل آباد والو تبدیلی چاہتے ہو تو کل میرے ساتھ نکلو۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ہڑتال سے پہلے یہ دھرنے نے کامیابی حاصل کرلی ہے، فیصل آباد میں حکمرانوں نے کل کے ڈر سے گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کر دی، مہنگائی بھی ہمارے دباؤ سے کم ہو رہی ہے، دھرنے نے ثابت کیا کہ جب تک حقوق نہ ملے ڈٹے رہیں گے، جس محلے میں ظلم ہو آزادی رضاکار وہاں کھڑے ہو جائیں، خواجہ سعد رفیق کے حلقے میں ایک لاکھ سے اوپر جعلی ووٹ نکلے جو لوگوں کو بتاتے پھر رہے ہیں کہ اگر اسلحے اور منشیات کی اسمگلنگ کرتی ہے تو ریلوے سے کروالو۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو آہستہ آہستہ یاد آنا شروع وہ گیا ہے، پہلے الیکشن کمیشن نے کہا کہ 76لاکھ اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے پھر 96 لاکھ ہو گئے اور آج تک کمال ہو گیا، الیکشن کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ایک کروڑ 17لاکھ ووٹ جعلی ڈالے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل رحمان نے 13ہزار ٹیکس دیا ہے، مولانا کے اثاثے، رہن سہن اور عیش وعشرت دیکھ لیں اور ٹیکس دیکھ لیں، اس سے زیادہ ٹیکس تو ٹریلر یونین نے دیا ہے، عمران خان نے کہا ہے کہ فیصل آباد کے لوگوں کو کہتا ہوں کہ کل آپ کے پاس آ رہا ہوں، میرے ساتھ تبدیلی کیلئے نکلو، پنجاب پولیس سن لو کل اگر فیصل آباد میں تشددکیا گیا تو مقابلہ کریں گے۔

خاموش بیٹھ کر ظلم نہیں سہیں گے، آپ پاکستان کی پولیس بنو، شریف برادران کے گلو بٹ نہ بنو، پاکستان میں تبدیلی آ گئی ہے، عوام اب اور برداشت نہیں کرے گی، جن پولیس والوں نے اچھے کام کئے انہیں نئے پاکستان میں جزا اور جنہوں نے تشدد کا راستہ اختیار کیا انہیں نئے پاکستان میں بدلہ دینا ہو گا۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے وزیراعظم بننے کا کوئی شوق نہیں ہے‘ جوڈیشل کمیشن جو بھی فیصلہ کرے گا قبول ہوگا۔

جس پر ظلم ہوگا تحریک انصاف ساتھ کھڑی ہوگی۔ دھر نے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھرنے کی وجہ سے ملک میں پہلی بار کرپشن کم ہوئی ہے۔ حکمرانوں کی پالیسی کی وجہ سے ہر پاکستانی پر 90 ہزار روپے قرضہ چڑھ چکا ہے۔ دھرنا نہ ہوتا تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی کم نہ ہوتیں تحریک انصاف کے دھرنوں کی وجہ سے مہنگائی کم ہوئی ہے فیصل آباد والوں اگر زندہ قوم بننا چاہتے ہو تو میرے ساتھ نکلو‘ دوبارہ سن لیں جوڈیشل کمیشن جو فیصلہ کرے گا وہ قبول ہوگا۔