وزیراعظم ، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ملاقات ،تحریک انصاف کے ساتھ کھلے دل سے مذاکرات کرنے کا فیصلہ، ملک اس وقت دھرنوں و احتجاج کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، پر امن احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے،عمران تشدد کی سیاست کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں،وزیراعظم نواز شریف ،وزیر اعلی پنجاب نے وزیر اعظم کو فیصل آباد میں آج پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے حکومتی حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا

پیر 8 دسمبر 2014 07:07

رائیونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8دسمبر۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی ملاقات،پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھلے دل کے ساتھ مذاکرات کرنے کا فیصلہ ،وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک اس وقت دھرنوں و احتجاج کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، پر امن احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز وزیراعظم محمد نواز شریف سے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے جاتی عمرہ رائیونڈ میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں ملکی سیاسی و سلامتی کی صورتحال اور تحریک انصاف کے دھرنے سمیت مذاکرات کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ شہباز شریف نے وزیر اعظم نواز شریف کو فیصل آباد میں آج( پیر کو) تحریک انصاف کے احتجاج کے حوالے سے حکومتی حکمت عملی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اس تمام حکمت عملی کے مطابق کسی کو بھی قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے اور کوشش کی جائے گی کہ سڑکیں بند نہ ہوں تاکہ عام زندگی کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو جس پر نواز شریف نے بھی حکمت عملی کی منظوری دے دی جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان تحریک انصاف کے حوالے سے مذاکرات پر بھی بات چیت ہوئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اگر احتجاج کی کال تحریک انصاف واپس لے تو فوری طور پر مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے ورنہ روایتی طور پر تحریک انصاف کو باور کرانا پڑے گا کہ اگر انہوں نے اپنی ٹیم کو مذاکرات کیلئے آزادی دی ہے تو پھر ان سے کھلے دل کے ساتھ مذاکرات کیئے جاسکتے ہیں جبکہ نواز شریف نے کہا کہ عمران خان تشدد کی سیاست کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں لیکن ہم تشدد کی سیاست سے بچنا چاہتے ہیں ملک اس وقت دھرنوں اور احتجاج کا متحمل نہیں ہوسکتا تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ملکی معیشت کومضبوط کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ پر امن احتجاج کرنا سب کا حق ہے لیکن احتجاج کے دوران تشدد ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔