وزیراعظم نواز شریف (آج) اتحادیوں اور پارٹی ر ہنماؤں سے تحریک انصاف کیساتھ مذاکرات بارے مشاورت کریں گے

اتوار 7 دسمبر 2014 09:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7دسمبر۔2014ء) وزیراعظم میاں نواز شریف (آج) اتوار کو تحریک انصاف کیساتھ مذاکرات کے حوالے سے اپنی جماعت اور اتحادیوں سے مشاورت کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف وطن واپسی کے بعد آج اتوار کو اتحادی جماعتوں اور اپنی پارٹی کے سینئر راہنماؤں اور وزراء سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں تحریک انصاف کیساتھ بات چیت کے دوبارہ آغاز کے حوالے سے حکمت عملی کی منظوری دی جائے گی۔

پارٹی راہنماؤں سے مشاورت کے بعد وزیراعظم کی (کل) پیر کے روز پارلیمانی راہنماؤں کیساتھ ملاقات متوقع ہے۔ سینئر راہنماؤں کیساتھ اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار‘ وزیر خزانہ اسحق ڈار‘ وزیر دفاع خواجہ آصف‘ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال‘ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی‘ سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق‘ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق‘ وزیر اطلاعات پرویز رشید و دیگر شریک ہوں گے۔

(جاری ہے)

بعدازاں وزیراعظم قائد حزب اختلاف خورشید شاہ اور پارلیمانی پارٹیوں کے قائدین مولانا فضل الرحمن‘ محمود خان اچکزئی‘ عبدالرشید گوڈیل‘ صاحبزادہ طارق اللہ‘ آفتاب شیرپاؤ‘ اعجازالحق و دیگر کیساتھ ملاقاتیں کرکے انہیں تحریک انصاف سے مذاکرات بارے اعتماد میں لیں گے۔