جسٹس (ر)سردارمحمد رضا خان نے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا،چیف جسٹس ناصر الملک نے سپریم کورٹ بلڈنگ میں حلف لیا،چیلنجزبہت ہیں، آئین میں دیئے گئے اختیارات کو ہر صورت استعمال کروں گا، چائے کے دوران صحافیوں سے ہلکی پھلکی بات چیت

اتوار 7 دسمبر 2014 08:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7دسمبر۔2014ء)سابق سینئر جج جسٹس (ر)سردارمحمد رضا خان نے نئے چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیاہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ آئین میں دیئے گئے اختیارات کو ہر صورت استعمال کروں گا۔ہفتہ کویہاں سپریم کورٹ بلڈنگ میں ہونیوالی ایک پروقار تقریب میں چیف جسٹس ناصر الملک نے نئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا خان سے ان کے عہدہ کا حلف لیا ۔

۔تقریب حلف برداری کی تقریب میں عدالت عظمی ،اعلی عدلیہ کے ججز صاحبان ،سینئر وکلاء اور الیکشن کمشنر کے اعلی عہدیداران نے شرکت کی ۔ حلف برداری کے بعد چائے کے دوران صحافیوں سے ہلکی پھلکی بات چیت کرتے ہوئے نئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان نے کہا کہ آئین میں دیئے گئے اختیارات کو ہر صورت بروئے کار لاؤں گا۔

(جاری ہے)

اس وقت سب چیلنج ہی چیلنجز ہیں۔

نئے چیف الیکشن کمشنر نے آرٹیکل 213 کے تحت پانچ کے لئے عہدے کا حلف لیا۔ صحافیوں کے سوالات پر مختصر جوابات دیتے ہوئے نئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)سردار رضا خان کہا کہ یہ درست ہے کہ نامی گرامی لوگ بھی اس عہدے پر خراب ہوئے ہیں ۔آئین میں دیئے گئے اختیارات کو ہر صورت بروئے کار لاؤں گا۔دھاندلی کی شکایت سے متعلق اختیارات کابھر پور استعمال کریں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عہدے کا حلف اٹھاتے ہوئے ہچکچا رہا تھا ۔جو اختیارمیں ہوگا سب کروں گا ۔میڈیا سے تفصیلی بات بعد میں کروں گا۔اس موقع پر بعض صحافیوں نے چیف جسٹس سے بھی بات چیت کرنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے اس سے احتراز کیا ۔