نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی میں ہم سے مشاورت نہیں کی گئی ،شیریں مزاری ، نئے چیف الیکشن کمشنر معتبر شخص ہیں ، امید ہے متنازعہ اراکین کو فارغ کر دیں گے ،ترجمان تحریک انصاف

جمعہ 5 دسمبر 2014 05:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5دسمبر۔2014ء ) پاکستان تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے کہا ہے کہ صرف چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی سے انتخابی دھاندلی کا مداوا نہیں ہوگا ، جب تک موجودہ اراکین مستعفی نہیں ہوتے نئے چیف الیکشن کمشنر کا کوئی فائدہ نہیں۔

(جاری ہے)

جاری ایک بیان میں تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری نے کہا ہے کہ نئے چیف الیکشن کمشنر منتخب کیے گئے جسٹس سردار رضا معتبر شخص ہیں ان پر کوئی الزام نہیں ، امید کرتے ہیں نئے الیکشن کمشنر متنازعہ ارکان کو فارغ کرینگے ، تاہم صرف چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی انتخابی دھاندلی کا مداوا نہیں ، عام انتخابات کے دوران دھاندلی میں ملوث الیکشن کمیشن کے تمام اراکین کو مستعفی کر کے آزاد اور غیر جانبدار لوگ تعینات کیے جائیں۔

جب تک موجودہ اراکین مستعفی نہیں ہوتے ، نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا کوئی فائدہ نہیں۔ شیریں مزاری نے کہا کہ امید کرتے ہیں نئے چیف الیکشن کمشنر انتخابی اصلاحات کمیشن کو بااختیار بنانے میں کردار ادا کرینگے ، انہوں نے کہا کہ نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے ہم سے مشاورت نہیں کی گئی ، آخری لمحات میں فون کر اپوزیشن لیڈر نے شاہ محمود قریشی کو ناموں سے متعلق آگاہ کیا۔