عمران نیازی یہ ٹی 20نہیں پوری اننگز کا میچ ہے،یہاں پرسنبھل کر چلنا پڑتا ہے ،زرداری،ملکی مسائل کو حل کرنے کے لیے سب کو مل جل کر کام کرنا ہو گا، تمام مسائل کے حل کیلئے پارلیمنٹ بہترین فورم ہے،عمران ملک بند کرنے کی نہیں بلکہ مذاکرات کی بات کریں ،کامونکی میں پیپلز پارٹی کے سربراہ صدر آصف علی زرداری کا جلسے سے خطاب

جمعہ 5 دسمبر 2014 05:07

گوجرانوالہ ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5دسمبر۔2014ء ) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران نیازی یہ ٹی 20نہیں بلکہ پوری اننگز کا میچ ہے اور یہاں پر سنبھل کر چلنا پڑتا ہے ،تمام مسائل کے حل کیلئے پارلیمنٹ بہترین فورم ہے ، نیازی کو بھی پارلیمنٹ مضبوط بنانے کی تجویز دی ، عمران ملک بند کرنے کی نہیں بلکہ مذاکرات کی بات کریں ۔ جمعرات کے روز گوجرانوالہ کے علاقے کامونکی میں پیپلز پارٹی کے سربراہ صدر آصف علی زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کل تو اتنے لوگ آرٹسٹ بھی جمع کرلیتے ہیں جتنے عمران نیازی اپنے جلسوں اور دھرنو ں میں لوگ اکٹھے کرتے ہیں، عمران نیازی کو چاہیے کہ وہ ملک بند کرنے کی نہیں بلکہ مذاکرات کی بات کریں۔

پارلیمنٹ بات چیت اور مسائل کے حل کیلئے بہترین فورم ہے، عمران نیازی کو پارلیمنٹ مضبوط کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

(جاری ہے)

آصف زرداری نے کہا کہ آج ملک میں کتنی غربت اور بے روزگاری ہے ہمیں چاہیے کہ تمام شعبوں میں خامیاں دور کرکے آگے بڑھیں نوجوانوں اور بچوں کو کل کا لیڈر بننے کیلئے تیار کریں اگر ہم بھی سڑکوں پر نوجوانوں کو لیکر آگئے تو صورتحال مزید خراب ہوجائے گی اور اس وقت پورے خطے میں آگ لگی ہے یہ چنگاری پاکستان میں بھی آسکتی ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی آج اقتدار میں آگئی تو دنوں میں مسائل حل ہوجائینگے اور قوم کو کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہیں ہوگا ۔ آصف زرداری نے عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ عمران نیازی یہ ٹی 20نہیں بلکہ پوری اننگز کا میچ ہے اور یہاں پر سنبھل کر چلنا پڑتا ہے سیاسی جماعتیں ملک کی سلامتی کی ضامن ہوتی ہیں نہ کہ وہ ملک کا بیڑہ غرق کردیں ۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چےئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملکی مسائل کو حل کرنے کے لیے سب کو مل جل کر کام کرنا ہو گا اور جو بھی پالیسی بنائی جائے اسکی سب کو آنرشپ لینا ہو گی کیونکہ کوئی اکیلی سیاسی جماعت ان مسائل کو حل نہیں کر سکتی،جسطرح قوم نے چین کے ساتھ تعلقات کی آنر شپ لی تھی اسی طرح ملکی مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ایسی حکمت عملی تشکیل دینا ہو گی جس کو عوام کی بھرپور تائید ار حمایت حاصل ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرانوالہ میں سابق اراکین قومی اسمبلی و صوبائی اسمبلی ،پارٹی عہدیداروں،ٹکٹ ہولڈرز، ضلعی صدور، سیکریٹر ی جنرل اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ شریک چےئرمین نے اپنی تقریر میں مزید کہا کہ مسائل کو حل کرنے کے لیے پارلیمنٹ ہی بہترین فورم ہے جہاں پر اپوزیشن کو اپنا نقطہ نظر بہترین طریقے سے پیش کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسائل کو حل کرنے کے لیے محاذ آرائی کی سیاست سے اجتناب کرنا چاہیے اور مفاہمت کی پالیسی کو اپنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مخالف سیاسی جماعتیں ہم سے رابطہ کریں اور ہم پوری کوشش کریں گے کہ انکی شکایات کا ازالہ پرامن طریقے سے ہوسکے۔ شریک چےئرمین نے کہا کہ انہوں نے اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو دئیے تاکہ پارلیمنٹ مضبوط ہو جس سے جمہوریت مضبوط ہوئی۔

اس سے پہلے صدر پیپلز پارٹی پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے اپنے خطاب میں شریک چےئرمین آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا کہ وہ صوبہ پنجاب میں قیام کرنے آئے ہیں اور وہ دورے پر نہیں آئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران وہ پنجاب کے ہر ضلع کے ٹکٹ ہولڈرز، ضلعی صدور اور کارکنوں سے ملیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکی شروعات گجرانوالہ سے ہوئی ہے۔

میاں منظور احمد وٹو نے اس پر شریک چےئرمین کا پیپلز پارٹی پنجاب اور اپنی طرف سے دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گجرانوالہ کی پیپلز پارٹی اس ڈویثرن کو پیپلز پارٹی کا گڑھ بنائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری کی سیاست کو دانشور اور سیاسی تجزیہ نگاردوررس سیاست سے تابیر کر رہے ہیں جس سے ملک میں جمہوریت کا تسلسل اور فروغ یقینی ہو گا۔

میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے تدبر اور سیاسی فہم و فراست کی بدولت جمہوریت ملک میں مضبوط ہوئی ہے اور انکا نام پاکستان کی جمہوری تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شریک چےئرمین ایسے سیاستدان ہیں جنہوں نے قومی سیاست کو ترحیح دی ہے اور وہ اسوقت قومی سیاست کر رہے ہیں۔ سٹیج سیکریٹری کے فرائض سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی پنجاب تنویر اشرف کائرہ نے ادا کئے۔صدر میاں منظور احمد وٹو کے ہمراہ سینےئر وائس پریذیڈنٹ سہیل ملک بھی گجرانوالہ آج گئے تھے۔