وزیراعلیٰ شہباز شریف کی دوہا میں قطر کے امیر اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں ، اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق،امیرقطرکا پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے تعاون کا اعلان،قطر پاکستانی افرادی قوت سے استفادہ کیلئے تیار،قطر میں شہبازشریف کی غیر معمولی پذیرائی،عربی زبان میں گفتگوپرمیزبانوں کا اظہار مسرت

بدھ 3 دسمبر 2014 08:53

دوحہ ،لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3دسمبر۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آج دوہا میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاک قطر تعلقات کے فروغ اور اقتصادی و تجارتی شعبوں میں وسعت دینے پر اتفاق رائے ہوا ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے ساتھ ملاقات کے دوران قطرکے امیر نے پاکستان میں قومی ترقی کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور پاکستان میں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے اپنے ملک کی طرف سے بھر پور تعاون کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمارا دوست ہے اور ہم پاکستان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ہمیں پاکستان کی ترقی اوراستحکام دل سے عزیز ہے۔ امیر قطر نے کہا کہ قطر گیس کی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ زراعت ،بجلی کی پیداواراورہنر مند افرادی قوت کے شعبے میں پاکستان سے تعاون کرے گا،قطر پاکستان کی توانائی کے حوالے سے مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور قطر پاکستانی بھائیوں کو توانائی بحران سے نجات دلانے کے حوالے سے ہرممکن تعاون کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان سے مختلف شعبوں میں ماہر اورتجربہ کار افراد کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہے۔امیر قطر نے کہا کہ ان کا ملک پاک قطر دوستی کے فروغ کیلئے وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کی حالیہ مساعی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے امیر قطر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قطر بجلی کے بحران کے خاتمے کیلئے پاکستان سے قابل قدر تعاون کررہا ہے اور ہم اپنے دوست ممالک کے تعاون سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کے لوگوں کو بہترین دل و دماغ اور خداداد صلاحیتوں سے نوازا ہے۔قطر کو ہماری افرادی قوت سے ترجیحی بنیادوں پر فائدہ اٹھانا چاہیے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے قطر کی جانب سے عالمی اقتصادی فورمز میں پاکستان کی حمایت پر امیر قطر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے قطر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر خالد بن محمد العطیہ سے ملاقات کی۔

قطر کے وزیرخارجہ نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ادوار میں پاک قطر تعلقات سست روی کا شکار رہے ہیں اوران تعلقات سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیے جاسکے۔یہ امر خوش آئندہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاک قطر تعلقات کا نیا دور شروع ہوا ہے جس کے مثبت اثرات دونوں ملکوں میں جلد دکھائی دینے لگیں گے۔

آنے والے دنوں میں قطر اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مزید فروغ پائے گا۔توانائی،ہیومن ریسورس، افرادی قوت ،زراعت اوردیگر شعبوں میں قطر اورپاکستان میں تعاون کے امکانات بہت واضح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر خطے میں پاکستان کی اہمیت اورکردارسے بخوبی آگاہ ہے اور قطر کی حکومت ،قیادت اور عوام پاکستان کو ایک خوشحال اورترقی یافتہ ملک دیکھنا چاہتے ہیں ۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے قطر کے وزیرخارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان مختلف شعبوں میں قطراور دیگر دوست ملکوں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ قطر کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تجارتی و معاشی تعلقات بڑھانے کیلئے تعاون لائق تحسین ہے۔ وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وزیراعظم کے معاون خصوصی مصدق ملک اور قطرمیں پاکستان کے سفیر شہزاد احمد بھی ان ملاقاتوں میں موجودتھے۔

ادھروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو دورہ قطر کے دوران قطرکی قیادت اورحکام نے غیر معمولی پذیرائی دی ۔امیر قطرشیخ تمیم بن حمد الثانی ،قطر کے وزیرخارجہ خالد بن محمد العطیہ اورقطر کے اعلی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی مصروفیات کا آغاز امیر قطر سے ملاقات سے کیا،جنہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیراعظم محمد نوازشریف کی خیریت دریافت کی۔

وزیراعلیٰ نے امیر قطر کو وزیراعظم محمد نوازشریف کا خصوصی پیغام دیا اور ان کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت دی اوربتایا کہ وزیراعظم محمدنوازشریف بھی مستقبل قریب میں قطر کا دورہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے قطر کی جانب سے عالمی اقتصادی فورمزمیں پاکستان کی حمایت پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے اعزاز میں قطر کے وزیر خارجہ اور اعلی حکام نے خصوصی ضیافت کا اہتمام کیا جس میں قطر کی اہم وزرارتوں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے پاکستان کی افرادی قوت کی صلاحیتوں ومہارت کے حوالے سے پاکستان کا کیس مضبوط انداز میں پیش کیا اورکہا کہ اگرچہ پاکستان کی افرادی قوت کی بڑی تعداد قطر میں موجود ہے تاہم اس میں مزیداضافہ ہونا چاہیے۔قطر کے اعلی حکام نے شہبازشریف کے خیالات پرمثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں دونوں ملکوں کو ملکر لائحہ عمل بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ کے دورہ کے نتیجہ میں امیدہے کہ قطرایک بار پھر پاکستان کی افرادی قوت سے استفادہ کرنے کیلئے تیار ہے جو وزیراعلیٰ کے دورے کی بڑی کامیابی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے امیر قطر ،قطر کے وزیرخارجہ اور اعلی حکام کے ساتھ روانی کے ساتھ عربی زبان میں بھی گفتگو کی جس پر میزبانوں نے مسرت کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ شہبازشریف عربی زبان پر دسترس کی تعریف کی ۔

متعلقہ عنوان :