پیپلز پارٹی بلاول کے دھمکی آمیز بیان کی وضاحت کرے ورنہ عدالت جاوٴں گا، الطاف حسین،قانونی و آئینی ماہرین کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ میرے خلاف دھمکی آمیز زبان استعمال کرنے پر قانونی چارہ جوئی کریں،قائد ایم کیوایم

بدھ 3 دسمبر 2014 08:43

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3دسمبر۔2014ء ) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ان کے خلاف بلاول بھٹو زرداری کے دھمکی آمیز بیان کی 15 روز میں وضاحت کرے بصورت دیگر وہ عدالتی چارہ جوئی کریں گے۔میڈیارپورٹ کے مطابق لندن سے جاری بیان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے 6 اکتوبر 2014ء کو عیدالاضحی کے موقع پر کراچی میں اپنے خطاب کے دوران میں کہا تھا کہ ” انکل الطاف ! آپ اپنے نامعلوم افراد کو سنبھالیں، اگر میرے کارکنوں پر ایک آنچ بھی آئی تو لندن پولیس کیا میں آپ کا جینا حرام کر دوں گا “، ان کا یہ بیان آج بھی محفوظ ہے۔

وہ پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری ، شریک چیرمین آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سے سوال کرتے ہیں کہ 6 اکتوبر کو بلاول زرداری نے اپنے خطاب میں انہیں للکارتے ہوئے جو کچھ کہا ،وہ بتائیں کہ ان کے کارکنوں کو کب اور کہاں ذرا سی بھی آنچ آئی تھی اور انہیں کیوں اور کس لئے اس کا مورد الزام ٹھہرایا ؟۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہا کہ وہ حکومت پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان، سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری، سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس بارے میں بلاول بھٹو زرداری کے دھمکی آمیز بیان کی 15روز میں تحقیقات کرواکر اس اہم سوال کا تفصیلی جواب دیں، اگر پیپلز پارٹی کے چیرمین، شریک چیرمین اور پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی 15دن کے اندر ان کے سوال کا جواب نہ دے سکی تو وہ اپنے قانونی و آئینی ماہرین کو ہدایت کرتے ہیں کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ان کے خلاف دھمکی آمیز زبان استعمال کرنے پر قانونی چارہ جوئی کریں۔