سپریم کورٹ سے وزیراعظم نواز شریف کی نا اہلی کا فیصلہ نہیں آئے گا،اعتزاز احسن،پیپلز پارٹی نواز شریف کی کرپشن، خاندانی سیاست اور وزراء کے تکبر کے خلاف ہے، جب نواز شریف کے قدم ڈگما رہے ہوتے ہیں تو ان کے وزیروں کے لہجے نرم ہو جاتے ہیں، میڈیا سے گفتگو

منگل 2 دسمبر 2014 05:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2دسمبر۔2014ء)سپریم کورٹ بار کے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے وزیراعظم میاں نواز شریف کی نا اہلی کا فیصلہ نہیں آئے گا، یوسف رضا گیلانی پیپلز پارٹی کے وزیر اعظم تھے اس لئے انہیں نا اہل قرار دیا گیا، لاہور ہائیکورٹ بار کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ مستقبل میں عمران خان اور زرداری کے الائنس کے بارے میں مجھے کوئی علم نہیں تا ہم یہ حقیقت ہے کہ اصل اپوزیشن پیپلز پارٹی کی جماعت ہے، پیپلز پارٹی نواز شریف کی کرپشن، خاندانی سیاست اور وزراء کے تکبر کے خلاف ہے، جب نواز شریف کے قدم ڈگما رہے ہوتے ہیں تو ان کے وزیروں کے لہجے نرم ہو جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکمت عملی ان کے مقاصد کی نفی کرتی ہے، عمران خان کا اسلام آباد پر دھاوا بول کر وزیر اعظم سے استعفیٰ لینے کا پلان اے اور سول نا فرمانی کا اعلان کرنیکا پلان بی ناکام ہو گیا، اب پلان سی کے تحت لاہور کو بند کرنے سے پتہ چل جائے گا کہ سولہ دسمبر کو کیا ہونے جا رہا ہے، عمران خان اپنے لئے مشکل ہدف چنتے ہیں، عمران خان کی باتوں میں صداقت ہے، عمران خان کی تحریک کو کچھ نہ کچھ کامیابی ملنی چاہئے بہر حال عمران خان شیخ رشید کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ عوام کے پیسے سے عمران خان کے خلاف چلائی جانے والی تشہری مہم کا کوئی اثرنہیں نکلے گا۔