آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات،امریکہ کا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں پر پاکستان کو خراج تحسین،آرمی چیف نے امریکی وزارت خارجہ میں موجود مہمانوں کے کتابچے میں اپنے تاثرات بھی درج کئے

منگل 2 دسمبر 2014 04:46

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2دسمبر۔2014ء) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا ہے۔واشنگٹن میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے امریکی وزارت خارجہ کا دورہ کیا اور سینیٹر جان کیری سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے امریکی وزیر خارجہ کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور خطے کی صورت حال پر بریفنگ دی جب کہ جان کیری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ پاک فوج ایک انتہائی مظبوط اور منظم ادارہ ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے پاک افغان تعلقات میں بہتری کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لئے مکمل حمایت کا یقین بھی دلایا۔ ملاقات میں پاکستان کے امریکا میں سفیر جلیل عباس جیلانی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے امریکی وزارت خارجہ میں موجود مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری کو سراہتے ہوئے اسے علاقائی سلامتی کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔

بیان کے مطابق جان کیری نے پاکستان کو دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری لانے کی یقین دہانی کرائی۔آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور اس کی قربانیوں کو تسلیم کیا۔دوسری جانب امریکی وزارتِ خارجہ اور امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے نے اس ملاقات کی تفصیلات پر تا حال خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف گزشتہ 2 ہفتے سے امریکا کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے امریکا کے اعلی عسکری اور سیاسی رہنماوٴں سے ملاقاتیں کیں۔