پاکستان تحریک انصاف نے ملک گیر احتجاج کی تاریخیں تبدیل کردیں، پی ٹی آئی لاہور کو 4کی بجائے 15دسمبر کو بند کرے گی 8دسمبر کو فیصل آباد ،12دسمبر کو کراچی میں احتجاج کا فیصلہ برقرار ہے، 16کی بجائے 18دسمبر کو پورا پاکستان بند کرنے کا اعلان کیا گیا ،تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ شٹر ڈاؤن کرنا ہمارے پلان کا حصہ نہیں ہے صرف سڑکوں پر احتجاج کرینگے ،شاہ محمود قریشی

منگل 2 دسمبر 2014 04:42

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2دسمبر۔2014ء ) پاکستان تحریک انصاف نے ملک گیر احتجاج کی تاریخیں تبدیل کردیں ، تحریک انصاف کی جانب سے دیئے گئے شیڈول کے مطابق پی ٹی آئی لاہور کو 4کی بجائے 15دسمبر کو بند کرے گی جبکہ 8دسمبر کو فیصل آباد ،12دسمبر کو کراچی میں احتجاج کا فیصلہ برقرار ہے 16کی بجائے 18دسمبر کو پورا پاکستان بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاریخوں میں تبدیلی کا فیصلہ عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کے بعد شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کی تاریخوں میں مصروفیات کے باعث کچھ تبدیلی کی گئی ہے آٹھ دسمبر کو فیصل آباد اور بارہ دسمبر کو کراچی میں احتجاج کا فیصلہ برقرار ہے لاہور میں چار کی بجائے پندرہ دسمبر کو اور پاکستان کو بند کرنے کا فیصلہ محرم کے چہلم اور سقوط ڈھماکہ کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھارہ دسمبر کو کیا گیا ہے انہوں نے میڈیا پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی اور صحافیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ شٹر ڈاؤن کرنا ہمارے پلان کا حصہ نہیں ہے صرف سڑکوں پر احتجاج کرینگے خیبر پختونخواہ میں اتوار کے روز جے یو آئی کے احتجاج کو نہ روکا گیا اور نہ ہی تشدد کیا گیا بلکہ ہم نے اپنے راستے تبدیل کئے ۔