وزیراعظم کی اسحاق ڈار کو تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کیلئے کام کرنے کی ہدایت،اپوزیشن جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائیگی حکومت مذاکرات کے ذریعے ہی مسئلہ حل کرنا چاہتی ہے ، نواز شریف

منگل 2 دسمبر 2014 04:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2دسمبر۔2014ء)وزیراعظم میاں نواز شریف نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کو ہدایت کی ہے کہ وہ تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کیلئے کام کریں ۔ اس سلسلہ میں اپوزیشن جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائیگی حکومت مذاکرات کے ذریعے ہی مسئلہ حل کرنا چاہتی ہے ۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ملاقات کی ملاقات میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات کے دوران تحریک انصاف کے احتجاج پر بھی بات ہوئی میں نے حکومت سے کہا کہ وہ معاملات کو مذاکرات کے ذ ریعے حل کرے اور عمران خان کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے جائیں ۔

انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ مذاکرات کے ذریعے ہی مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں ۔ وزیراعظم نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ہدایت کی کہ وہ تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کیلئے کام کریں وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ وہ اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں سے بھی مشاورت کرینگے ۔