عمران خان کا آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان، وزیراعظم نوازشریف کا آئندہ 72گھنٹوں میں وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ ،حتمی فیصلہ آج دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مشاورت کے بعد کریں گے

پیر 1 دسمبر 2014 08:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1دسمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے آئندہ کے لائحہ عمل کے اعلان کے بعد وزیراعظم محمد نوازشریف نے آئندہ 72گھنٹوں میں وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے،تاہم اس کا حتمی فیصلہ وہ آج پیر کو دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مشاورت کے بعد کریں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف ،پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چےئرمین آصف علی زرداری،عوامی نیشنل کے سربراہ اسفندیارولی،متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما فاروق ستار،قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ،جے یو آئی(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے آج پیر کو ملاقات کئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی ہوسکتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ساری صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سید خورشید احمد شاہ دیگر پارلیمانی پارٹیوں کے سربراہوں کا اجلاس بھی بلانے کا ارادہ رکھتے ہیں،تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ آج پیر کو کئے جانے کا امکان ہے