پاکستان نے ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف لڑنے کا عزم کررکھا ہے،جنرل راشد محمود ،ہم خطے میں امن اور استحکام کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کررہے ہیں،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا جنوبی ایشیائی و جنوب مشرقی ایشیائی کے دفاعی سربراہوں کے ڈائیلاگ کے دوران اظہار خیال، سرلی لنکا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف سمیت روسی فیڈریشن کے نائب وزیر دفاع ،ملائیشیاء کی فوج کے سربراہ ،چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے چیف آف جنرل سٹاف ،برونائی کے مسلح افواج کے سربراہ اور مالدیپ کی مسلح افواج کے سربراہ سے ملاقاتیں، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

اتوار 30 نومبر 2014 09:55

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30نومبر۔2014ء)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف لڑنے کا عزم کررکھا ہے اور ہم خطے میں امن اور استحکام کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کررہے ہیں وہ گزشتہ روز یہاں جنوبی ایشیائی و جنوب مشرقی ایشیائی (ساسیان)کے دفاعی سربراہوں کے ڈائیلاگ کے دوران اظہار خیال کررہے تھے ۔

انہوں نے پاکستان کی طرف سے خطے میں پائیدار امن ،استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کئے گئے اقدامات کا تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے پاکستان کے اعلی دفاعی اداروں کے امور پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی ۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے اس موقع پر میزبان ملک کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل جگت جے سوریا سمیت روسی فیڈریشن کے نائب وزیر دفاع اناتولی اناتولوف ،ملائیشیاء کی فوج کے سربراہ جنرل ذوالکفل بن محمد زین،چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل وانگ ننگ،برونائی کے مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل داتوبڈوگاسری محمد طویح بن عبد اللہ اور مالدیپ کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل احمد شیام سے ملاقاتیں بھی کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس فورم میں سارک اور آسیان سے تعلق رکھنے والے 18 علاقائی ممالک کے دفاعی سربراہ شرکت کررہے ہیں ۔علاقائی سلامتی اور امن باہمی اتفاق رائے کے فروغ کے لئے اس اجلاس کو انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے ۔چین اور روس مبصر کے طور پر ڈائیلاگ میں شریک ہیں ۔