عمران خان خود شیشے کے محل میں بیٹھ کر دوسروں کو پتھر نہ ماریں،پرویز رشید ،عمران خان کے ملک میں 4محل ہیں ، بنی گالہ محل کا بجلی کا بل ایک مہینہ کا 80ہزار ہے، عمران خان نے ٹیکس صرف ایک لاکھ روپے ادا کیا اس کے برعکس نواز شریف نے 2005ء سے 2014ء تک 2ارب 44کروڑ 52ہزار 466 روپے ٹیکس ادا کیا، نواز شریف نے زرعی ٹیکس 66لاکھ 74ہزار اور اضافی ٹیکس 26لاکھ 95ہزار روپے بھی ادا کئے، عمران خان دوسروں کو تو مفت مشورے دیتے ہیں کہ بیرون ملک کاروبار نہ کریں لیکن خود بھی بتائیں کہ وہ بیرون ملک کاروبار کیوں اور کیا کرتے ہیں ، اگر عمران خان نے تفصیلات قوم کے سامنے پیش نہ کیں تو پھر ہم سب کو عمران خان کی حب الوطنی پر شک ہوگا، پریس کانفرنس

ہفتہ 29 نومبر 2014 09:03

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29نومبر۔2014ء ) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کے ملک میں 4محل ہیں اور بنی گالہ محل کا بجلی کا بل ایک مہینہ کا 80ہزار ہے جبکہ عمران خان نے ٹیکس صرف ایک لاکھ روپے ادا کیا اس کے برعکس نواز شریف نے 2005ء سے 2014ء تک 2ارب 44کروڑ 52ہزار 466 روپے ٹیکس ادا کیا جبکہ نواز شریف نے زرعی ٹیکس 66لاکھ 74ہزار اور اضافی ٹیکس 26لاکھ 95ہزار روپے بھی ادا کئے ، عمران خان خود شیشے کے محل میں بیٹھ کر دوسروں کو پتھر نہ ماریں ۔

جمعہ کے روز وفاقی وزیر پرویز رشید نے عمران خان کے سوال کے شریف خاندان کے ٹیکسوں کے حساب دینے کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی شوگر مل نے 2005ء سے 2014ء تک 2ارب 44کروڑ 70لاکھ 543 روپے ٹیکس ادا کیا اور نواز شریف نے 2007ء سے 2014ء تک ٹیکسوں کی مد میں 3کروڑ 23لاکھ 52ہزار 664 روپے ادا کئے جبکہ زرعی ٹیکس 66لاکھ 74ہزار 173 روپے بھی ادا کئے اور 2007ء سے پہلے نواز شریف جبری جلا وطن تھے ۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہا کہ نواز شریف نے 2014ء میں 26لاکھ 95ہزار 912 روپے کا اضافی ٹیکس بھی دیا اور اس کے مقابلے میں عمران خان نے 2013-14ء میں صرف ایک لاکھ 94 ہزار 936 روپے ٹیکس دیا اور 23لاکھ 50ہزار زرعی آمدن ظاہر کی دوسری جانب عمران خان نے زرعی ٹیکس سے بچنے کیلئے خود کو 5لاکھ روپے مقروض ظاہر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نقد رقم کی صورت میں ایک کروڑ 36 لاکھ روپے ظاہر کئے جو کہ حیران کن ہے اور عمران خان کو اتنی بڑی رقم نقدی کی صورت میں رکھنے کی کیوں ضرورت پیش آئی ۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے بیرون ملک خدمات پر 84لاکھ 45ہزار 430 روپے آمدن ظاہر کی عمران خان کوچاہیے کہ وہ قوم کو بتائے انہوں نے کیا خدمات سرانجام دی ہیں جس پر اتنا پیسہ مل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دوسروں کو تو مفت مشورے دیتے ہیں کہ بیرون ملک کاروبار نہ کریں لیکن خود بھی بتائیں کہ وہ بیرون ملک کاروبار کیوں اور کیا کرتے ہیں اور اگر عمران خان نے تفصیلات قوم کے سامنے پیش نہ کیں تو پھر ہم سب کو عمران خان کی حب الوطنی پر شک ہوگا پرویز رشید نے کہا کہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کی جب بھی بات ہوتی ہے تو پھر عالمی تیل مافیہ ناراض ہوتا ہے لیکن چین کے ساتھ کوئلے سے توانائی کا منصوبہ پر دستخط ہونے تھے تو اس وقت عمران خان نے دھرنا دے دیا اور عمران خان کے دھرنے کے باعث چینی کا صدر کا دورہ ملتوی ہوا اور دھرنوں کے باعث سرمایہ کاری بھی کافی متاثر ہوئی پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان چین کے ساتھ معاہدوں پر مخالفت کرتے ہیں لیکن تیل مافیہ کیخلاف تو کبھی بھی کنٹینر پر کھڑے ہوکر بات نہیں کی ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے صرف پاکستان میں صرف چار محل ہیں لیکن ٹیکس صرف ایک لاکھ روپے ادا کرتے ہیں جبکہ عمران خان کے اسلام آباد بنی گالہ محل کا بجلی کا بل 80 ہزار روپے ہے پرویزرشید نے مزید کہا کہ عمران خان کی زمینوں پر کام کرنے والے مزدوروں اور ان کے بچوں نے آج تک عمران خان کو نہیں دیکھا کہتے ہیں کہ عمران خان کو صرف کنٹینر پر دیکھا ہے اور یقین سے کہتا ہوں کہ عمران خان کے برینڈڈ جوتوں کی کلپ کی قیمت بھی ان مزدوروں کے کپڑوں سے زیادہ ہوگی اس کے برعکس دھرنے میں میوزک کے ڈی جے بٹ کو کروڑوں روپے دیئے گئے جبکہ اپنی زمینوں پر کام کرنے والے مزدوروں کو دینے کیلئے عمران خان کے پاس کچھ بھی نہیں ہے پرویز رشید نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان خود شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں کو پتھرنہ ماریں اور اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پر نکتہ چینی کی جاتی ہے انہوں نے غریبوں کیلئے دانش سکول اور دیگر ترقی یافتہ کام بھی کئے ہیں ۔