عالمی ادارہ صحت کی پاکستان میں پولیو کے خاتمے کا مشن ختم کرنے سے متعلق خبروں کی تردید،بلوچستان سمیت پاکستان کے کسی بھی حصے میں کام بند نہیں کیا گیا ہے ، صرف عملے غیر محفوظ علاقوں میں نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت کی ہے ،نمائندہ ڈبلیو ایچ او،پولیو کا خاتمہ مشترکہ مشن ہے اس لیے کام نہیں روک سکتے اور پاکستان بھر سے پولیو کے خاتمے تک اس کی مدد جاری رکھیں گے، ڈاکٹر مشل تھائرن

جمعہ 28 نومبر 2014 09:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28نومبر۔2014ء ) عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کا مشن روکنے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر سے پولیو کے خاتمے سے پاکستان کی مدد جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر مشل تھائرن نے کہا کہ بلوچستان سمیت پاکستان کے کسی بھی حصے میں کام بند نہیں کیا گیا ہے تاہم عملے کو صرف غیر محفوظ علاقوں میں نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت کی ہے اور یہ حفاظتی اقدامات کا فیصلہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر مشل تھائرن کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پولیو ورکرز کی ہلاکت پر تشویش ہے لیکن پاکستان میں پولیو ورکرز بڑھ چڑھ کر مہم میں حصہ لے رہے ہیں، پولیو کا خاتمہ مشترکہ مشن ہے اس لیے کام نہیں روک سکتے اور پاکستان بھر سے پولیو کے خاتمے تک اس کی مدد جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :