وفاقی حکومت نے 30 نومبر کو تحریک انصاف کے جلسے سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیارکرلی،دوست ممالک کے ذریعے سیاسی بحران اور محاذ آرائی کے خاتمے کیلئے کوششیں شروع ، امریکی سفیر کے بعد چینی سفیر کی عمران خان سے ملاقات‘ دونوں ممالک کے سفراء کی عمران خان سے سیاسی بحران ختم کرنے اور 30 نومبر کو جلسہ ملتوی کرنے کی درخواست

پیر 24 نومبر 2014 08:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24نومبر۔2014ء) وفاقی حکومت نے 30 نومبر کو تحریک انصاف کے جلسے سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیارکرلی‘ دوست ممالک کے ذریعے سیاسی بحران اور محاذ آرائی کے خاتمے کیلئے کوششیں شروع کردیں‘ امریکی سفیر کے بعد چینی سفیر کی عمران خان سے ملاقات اس سلسلے کی کڑی شمار کی جارہی ہے‘ دونوں دوست ممالک کے سفیروں نے عمران خان سے سیاسی بحران ختم کرنے اور 30 نومبر کو جلسہ ملتوی کرنے کی درخواست کردی۔

اتوار کو باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان میں جاری سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے دوست ممالک میدان میں آگئے۔ معلوم ہوا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ان کی رہائشگا واقع بنی گالا میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن کے بعد اتوار کو چینی سفیر سن وی ڈانگ نے ملاقات کی اور عمران خان سے ملکی سیاسی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے ان سے سیاسی بحران کے خاتمے کی درخواست کی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں سفیروں نے اسلام آباد میں جاری آزادی دھرنا اور 30 نومبر کو اعلان کردہ جلسے کو ملتوی کرکے پارلیمانی سیاست کرنے کی درخواست کی جس پر عمران خان نے فوری طور پر ردعمل ظاہر نہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا احتجاج جمہوری اور آئینی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے عمران خان کی جانب سے جاری تحریک سے نمٹنے اور سیاسی بحران سے نمٹنے کیلئے متعدد دوست ممالک کے ذریعے کوششیں شروع کردیں اور دونوں سفراء کی عمران خان سے ملاقاتیں اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ آئندہ چند روز میں مزید دوست ممالک کے سفیروں کی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔