چوہدری نثار سن لیں میرا صبر ختم ہوگیا ،عمران خان ،دھاندلی کے ثبوت آگئے ہیں،پریس کانفرنس میں انکشاف کروں گا،جب تک زندہ ہوں حقوق کیلئے کھڑا رہوں گا، نوجوان تبدیلی کا فیصلہ کرلیں تو کوئی نہیں روک سکتا، نوازشریف اور چوہدری نثار نے پرامن احتجاج سے روکنے کی کوشش کی تو مقابلہ کریں گے، جلسے سے خطاب

پیر 24 نومبر 2014 08:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24نومبر۔2014ء)تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میاں صاحب چوہدری نثار سن لیں میرا صبر ختم ہوگیا ہے،30نومبر کو پولیس تشدد کیا تو مقابلہ کروں گا،دھاندلی کے ثبوت آگئے ہیں،پریس کانفرنس میں انکشاف کروں گا،جب تک زندہ ہوں حقوق کیلئے کھڑا رہوں گا،اب دائیں اور بائیں کی سیاست نہیں صحیح اور غلط کی سیاست ہوگی۔

گوجرانوالہ میں بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم میں سیاسی شعور آچکا ہے،نیا پاکستان بنانے کیلئے قوم جاگ چکی ہے،قوم کے جاگنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ذوالفقار علی بھٹو عظیم لیڈر تھے،آصف علی زرداری اس کے نام پر ووٹ لے کر ارب پتی بن گیا ہے،نوازشریف اور آصف علی زرداری 25سال سے باریاں لے رہے ہیں قوم کو غلام بنا کر رکھنا چاہتے ہیں،اپنی دولت میں اضافہ کرتے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان اور خواتین تبدیلی کا فیصلہ کرلیں تو پھر تبدیلی سے کوئی نہیں روک سکتا،وزیراعظم نوازشریف اور چوہدری نثار علی خان نے پرامن احتجاج سے روکنے کی کوشش کی اور پولیس نے تشدد کیا تو مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت تک حقوق نہیں ملیں گے جب تک اپنے حقوق کیلئے جدوجہد نہیں کرینگے،ن لیگ کے درباریوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ میرا سارا پیسہ میرے نام پر ہے،تمام اثاثے ڈیکلےئر ہیں،نوازشریف نے اپنا پیسہ ملک سے باہر رکھا ہوا ہے اور لوگوں کو کہتے ہیں،پاکستان میں سرمایہ کاری کرو،نوازشریف خود تو لندن میں کاروبار کرتے ہیں،نوازشریف نے اپنی دولت بچوں کے نام پر رکھی ہوئی ہے،بچوں کے مقروض بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں4حلقوں کی تحقیقات کا کہتا تھا،ڈیڑھ سال ہوا انصاف نہیں ملا،نوازشریف کو پتہ تھا کہ اگر حلقے کھل گئے تو دھاندلی سامنے آجائے گی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے میں پریس کانفرنس میں دھاندلی سے متعلق مزید انکشافات کروں گا،ہمارے پاس الیکشن میں دھاندلی کے ثبوت آگئے ہیں،جمہوریت کے لئے11چیزیں ضروری ہیں،سب سے پہلے صاف شفاف الیکشن ہونے چاہئیں،صاف شفاف الیکشن جمہوریت کیلئے بڑا ہتھیار ہے،جمہوریت جتنی بہتر ہوگی اتنی خوشحالی آئے گی،جمہوریت میں عوام حکمرانوں سے ٹیکس اور اثاثوں کے بارے میں پوچھتے ہیں،ووٹ عوام کا سب سے بڑا ہتھیار ہیں وقت آگیا ہے کہ قوم اپنے حقوق چھین لیں۔

انہوں نے کہا ہک موجودہ حکمران ملک میں بلدیاتی نظام نہیں لے کر آرہے،بلدیاتی نظام کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی،دھاندلی سے آنے والے عوام کی خدمت نہیں کرسکتے،میرٹ جمہوریت کا حسن ہے جمہوریت میں بادشاہت نہیں ہوتی،آصف علی زرداری کا بیٹا برمنگھم میں جلسہ کرنا چاہتا ہے اور تھر میں بچے بھوک سے مر رہے ہیں،ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی پارٹنر شپ سے عوام غریب ہوگئی ہے،ن لیگ اور پی پی اپنی پارٹیوں میں الیکشن تک نہیں کراتے،حکمرانوں کو کسانوں اور نوجوانوں کی کوئی فکر نہیں ہے یہ حکمرانی کرتے ہیں قیمت عوام کو ادا کرنا پڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ30نومبر کو فیصلہ ہوگا کہ حکمران جیتیں گے یا نیا پاکستان بنے گا ۔