صدر مملکت کی جانب سے نیول چیف کے لئے نشان امتیاز(ملٹری) کا اعزاز، ایوانِ صدر کی تقریب میں وزراء، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،چیف آف ایئر اسٹاف،وائس چیف آف نیول اسٹاف اور اعلیٰ سول وملٹری شخصیات کی شرکت

ہفتہ 22 نومبر 2014 04:13

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22نومبر۔2014ء )صدر پاکستان نے ایوانِ صدر میں منعقدہ ایک پر وقار تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کو ملک کے اہم ترین عسکری ایوارڈ نشانِ امتیاز(ملٹری) سے نوازا۔نیول چیف کو یہ ایوارڈ ان کی طویل خدمات، غیر معمولی قابلِ ستائش کار کردگی اور فرائض سے اعلیٰ لگن کے اعتراف میں دیا گیا۔ ایڈ مرل محمدذکاء اللہ نے تمام پیشہ ورانہ اہداف کے حصول میں متحرک قائدانہ صلاحیتوں،حسنِ اخلاق، قابلِ ذکر پیشہ وارانہ قابلیت اور ذمہ داری کا مظاہر ہ کیا۔

انہوں نے اپنی مثالی کارکردگی سے ماتحتوں میں ہمیشہ ایک نیا جوش و ولولہ پیدا کر کے پاک بحریہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے جون1978کو پاکستان نیوی میں کمیشن حاصل کیا اورپاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیرحاصل کی۔

(جاری ہے)

گریجویشن کے موقع پر آپ نے چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈل بھی حاصل کیا۔امتیازی سروس کے دوران آپ نے آپریشنل، تربیتی اور کمانڈ عہدوں کا وسیع تجربہ حاصل کیا۔

آپ کی کمانڈ تعیناتیوں میں تباہ کن بحری جہاز اور 25thڈسٹرائر اسکواڈرن کی کمانڈ،کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی،کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کثیرالقومی میری ٹائم ٹاسک فورس کی کمانڈ شامل ہے۔آپ کی اہم سٹاف تعیناتیوں میں اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹاف(پلانز)،قطر میں دفاعی اتاشی، ڈائریکٹر جنرل نیب (راولپنڈی)،چیف انسپکٹر(نیوی)،ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ پرسنیل)، نیول سیکرٹری،ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف(آپریشنز) اور وائس چیف آف نیول اسٹاف شامل ہیں۔

آپ برطانیہ کے رائل نیول اسٹاف کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آبادکے گریجویٹ ہیں۔آپ نے لندن یونیورسٹی سے ڈیفنس سٹڈیز اور قائداعظم یونیورسٹی سے وار سٹڈیز میں ماسٹرزکی ڈگری حاصل کی ہے۔ ایک بہترین کشتی ران کے طور پر ایڈمرل نے 1984میں امریکہ میں منعقد اولمپکس مقابلوں، 1986 کوکو ریا میں منعقد ایشین گیمز اور 1990کو چین میں منعقدہ ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

آپ 1986اور 1990کے ایشین گیمز میں 2گولڈ میڈلز اور انٹر نیشنل سیلنگ چمپیئن شپس میں دیگر ایوارڈز حاصل کئے۔ ان غیر معمولی کامیابیوں کے اعتراف میں ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ کو 1987 میں صدارتی تمغہ برائے حسن کار کردگی سے نوازا جا چکا ہے۔ نیول چیف کو تمغہ امتیاز (ملٹری)، ستارہ امتیاز(ملٹری) اور ہلالِ امتیاز (ملٹری) سے بھی سرفراز کیا جا چکا ہے۔ تقریب میں وزراء، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،چیف آف ایئر اسٹاف،وائس چیف آف نیول اسٹاف اور اعلیٰ سول وملٹری شخصیات نے شرکت کی۔