برطانیہ پاکستانی حکومت اور غیر سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر خواتین اور لڑکیوں کے مستقبل پر سرمایہ کاری کررہاہے‘فلپ بارٹن ،چیونگ اسکالر شپ پروگرام کے تحت آنے والے برسوں میں برطانوی امداد سکول جانے والی پچاس لاکھ لڑکیوں کے کام آئے گی‘برطانوی سفیرکا تقریب سے خطاب

جمعرات 20 نومبر 2014 08:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20نومبر۔2014ء) پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے کہاہے کہ پاکستانی شریک کار کی حیثیت سے برطانیہ حکومت پاکستان اور متعدد غیر سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر خواتین اور لڑکیوں کے مستقبل پر سرمایہ کاری کررہاہے‘ آنے والے برسوں کے دوران برطانوی امداد سکول جانے والی پچاس لاکھ لڑکیوں کے کام آئے گی‘ جاری پریس ریلیز کے مطابق برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد میں ایک چیوننگ بحث کا انعقاد کیا گیا۔

اس نشست کا مقصد سماجی‘ اقتصادی اور سیاسی ترقی کی نشوونما میں پاکستانی خواتین کی اہمیت بطور ایجنٹس آف چیلنج تسلیم کرنی تھی۔ یہ بحث رواں سال ماہ جولائی کے دوران برطانوی ہائی کمیشن میں منعقد کی گئی ایک نشست کا سلسلہ تھی جس میں خواتین پر جنسی تشدد اور دیگر زیادتیوں کے خلاف گفتگو کی گئی اس نشست میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نوجوان اور ترقی پسند خواتین کومعاشرے کے تمام حصوں میں خواتین کے متوقع اہم کردار پر چیوننگ کے فارغ التحصیل سینیئر طلباء کے ساتھ بحث کیلئے مدعو کیا گیا۔

(جاری ہے)

اہم مقررین میں جو کہ تمام چیوننگ کے فارغ التحصیل ہیں‘ سابقہ رکن قومی اسمبلی اور اسٹریٹجک ایڈوائزر آن امپروونگ پارلیمنٹری پرفارمنس ان پاکستان یاسمین رحمن سپریم کورٹ آف پاکستان کے وکیل محمد اسلم خاکی اور فاطمہ جناح یونیورسٹی راولپنڈی کی سابقہ رجسٹرار ڈاکٹر مریم رب شامل تھے ۔ ان کے ساتھ فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ امین قادر بھی شریک تھیں۔

تقریب سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے فلپ بارٹن نے کہا کہ آج ہم پاکستان میں خواتین کے روز مرہ کردار میں سے صرف کچھ ہی مثالیں پیش کررہے ہیں ۔ خواتین نہ صرف سماجی جرائم اور تشدد کا شکار ہیں بلکہ بہتری کیلئے ایک ذریعہ اور تحریک کا اہم کردار ہیں۔ پاکستانی خواتین پچھلے دو سال کے دوران ایک آسکر ایوارڈ ایک ایمی نوبل پیس پرائز اور ایشیئن گیمز کرکٹ میں ایک گولڈ میڈل جیت کر لائی ہیں۔

پاکستان کو اسلامی ممالک میں سب سے پہلی خواتین وزیراعظم کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایک شریک کار کی حیثیت سے برطانیہ حکومت پاکستان اور متعدد غیر سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر خواتین اور لڑکیوں کے مستقبل پر سرمایہ کاری کررہا ہے آنے والے برسوں کے دوران برطانوی امداد اسکول جانے والی پچاس لاکھ لڑکیوں کے کام آئے گی‘ غریب ترین گھرانوں سے تعلق رکھنے والی تین لاکھ خواتین کو ماہانہ نقد امداد اور اس کے علاوہ نو لاکھ خواتین کو مائیکرو فنانس قرضے فراہم کیے جائیں گے ہمارا چیوننگ اسکالر شپ پروگرام مستقبل کی پاکستانی خواتین لیڈرز کو ایجنٹس آف چینج بننے کا موقع بھی فراہم کررہا ہے۔

خواتین اور لڑکیوں پر سرمایہ کاری کرکے ممالک اپنے سماجی ‘ معاشی اور سیاسی ترقی کے عمل کو تیز کر سکتے ہیں میں پر امید ہوں کہ پاکستان معاشرے کے تمام شعبوں میں خواتین کی شمولیت کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گا۔ ہم اس کام میں حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :