آرمی چیف کا دورہ امریکہ، پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کامیابی ہوگی، ترجمان پاک فوج،شمالی وزیرستان میں آپریشن جاری ہے جس کا مقصد دہشت گردوں کا خاتمہ کرنا ہے، عاصم سلیم باجوہ

منگل 18 نومبر 2014 08:27

راولپنڈی ((اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18نومبر۔2014ء)پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب بلا تفریق تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف کیا جا رہا ہے ، آرمی چیف کے دورہ امریکا میں پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف ہی سب سے بڑا حاصل ہوگا۔ امریکی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف امریکا کے دورے پر ہیں۔

(جاری ہے)

وہ امریکی وزیر دفاع چک ہیگل اور کئی اعلیٰ دفاعی افسروں اور ارکان کانگریس سے ملاقات کریں گے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا شمالی وزیرستان میں آپریشن جاری ہے جس کا مقصد دہشت گردوں کا تعلق چاہے کسی بھی ملک سے ہو ان کا خاتمہ کرنا ہے یا ان کو گرفتار کرنا ہے۔ میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا ملکی و غیر ملکی شدت پسندوں کے خلاف پاک فوج نے پانچ ماہ قبل شمالی وزیرستان میں فوجی کارروائی شروع کی جبکہ خیبر ایجنسی میں گزشتہ ماہ آپریشن شروع کیا گیا۔ ان کارروائیوں میں اب تک 1200 سے زائد شدت پسند مارے گئے جبکہ دو سو فوجی اہلکار شہید ہوئے۔