سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات نے میڈیا کے لئے ضابطہ اخلاق کے نفاذ کیلئے حکومت کو ہدایت کردی، حکومت فوری طور پر اطلاعات کا بل پاس کرے۔کمیٹی نے جعلی عامل کی گرفتاری کا بھی حکم دے دیا،عمران خان انصاف کی بات کرتے ہیں عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دیا ہے وہ عدالت میں آ کر پیش ہوں۔شیخ رشید عمران خان کا ترجمان اور سیاسی استاد ہے۔تحریک انصاف قادری کے اشاروں پر چلتی رہی، اب قانون کے خوف سے ان سے تعلق توڑ رہے ہیں، پرویز رشید

منگل 18 نومبر 2014 08:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18نومبر۔2014ء)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات نے میڈیا کے لئے ضابطہ اخلاق کے نفاذ کا حکومت کو ہدایت کردی اور کہا کہ حکومت فوری طور پر اطلاعات کا بل پاس کرے۔کمیٹی نے جعلی عامل کی گرفتاری کا بھی حکم دے دیا۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان انصاف کی بات کرتے ہیں عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دیا ہے وہ عدالت میں آ کر پیش ہوں۔

شیخ رشید عمران خان کا ترجمان اور سیاسی استاد ہے۔تحریک انصاف قادری کے اشاروں پر چلتی رہی اور اب قانون کے خوف سے ان سے تعلق توڑ رہے ہیں ۔پیر کے روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس چیئرمین کامل علی آغا کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔اجلاس میں کوڈ آف کینڈیکٹ اور معلومات تک رسائی کے بل کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے ہدایت کی کہ میڈیا کو فوری طور پر ضابطہ اخلاق کا پابند بنایا جائے ۔

ضابطہ اخلاق کے تحت میڈیا آئینی اداروں کے سربراہوں پر تنقید نہیں کرے گا اور کسی بھی دہشت گردی کے واقعہ میں مسخ شدہ لاشیں نہیں دکھائے گا۔کمیٹی نے ایک جعلی عامل جو خواتین سے ساڑھیوں کی ڈیمانڈ کررہا ہے اس کی گرفتاری کے لئے حکومت کو سفارش کی ۔کمیٹی نے حکومت سے کہا کہ معلومات تک رسائی کا بل فوری طور پر منظور کیا جائے جس پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ معلومات تک رسائی کا بل کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائیگاا ور اس کی منظوری لی جائے گی ۔

کمیٹی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں جعلی عطائی ڈاکٹرو ں کے ہاتھوں پانچ بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ اس پر فوری کارروائی کی جائے ۔پرویز رشید نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پانچ بچوں کی ہلاکت پر وزیر صحت کو برطرف کریں ۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے عمران خان کو اشتہاری قرار دیا ہے اور انصاف کا تقاضا ہے کہ وہ عدالت میں پیش ہوں اور تحریک انصاف والے عدالتوں کی عزت کرنا سیکھیں۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید عمران خان کے ترجمان اور سیاسی استاد ہیں۔تحریک انصاف پی ٹی اے کے اشاروں پر چل رہی تھی اور اب قانون کے خوف سے ان سے تعلق توڑ رہی ہے۔افغانستان کے صدرکا دورہ پاکستان سے مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیاں دور ہوں گی۔