امریکہ کے دشمنو ں کو پاکستان خواہ مخوا ہ اپنا دشمن نہیں بنا سکتا، سرتاج عزیر ،انہیں کیوں نشانہ بنائیں، جو ہمارے لیے خطرہ نہیں،‘افغان صدر کے دورے کے موقع پر اصولی فیصلہ ہوگیا ہے کہ دہشت گردی کے لیے نہ پاکستان اپنی سرزمین استعمال ہونے دے گا اور نہ ہی افغانستان،افغان طالبان افغانستان کا مسئلہ ہیں اور حقانی نیٹ ورک انہی کا حصہ ہیں، امریکہ اور پاکستان کے درمیان اعتماد کی کمی نہیں ہے ، مشیر خارجہ کا برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو

منگل 18 نومبر 2014 08:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18نومبر۔2014ء ) وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے قومی سلامتی اور خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان ان شدت پسندوں کو کیوں نشانہ بنائے جو پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں ہیں،افغان طالبان افغانستان کا مسئلہ ہیں اور حقانی نیٹ ورک انہی کا حصہ ہیں ، ہم امریکہ کے دشمنوں کو خواہ مخواہ اپنا دشمن نہیں بنا سکتے ، امریکہ اور پاکستان کے درمیان اعتماد کی کمی نہیں ہے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورہ امریکہ کے پس منظر میں برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں سرتاج عزیز کاکہنا تھا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔

مشیر برائے قومی سلامتی اور خارجہ امور سرتاج عزیز نے حقانی نیٹ ورک کے حوالے سے کہا کہ ’جب امریکہ نے افغانستان پر حملہ کیا تو وہ تمام لوگ جن کو ہم نے ملکر مسلح کیا اور تربیت دی تھی، انھیں ہماری طرف دھکیل دیا گیا۔

(جاری ہے)

ان میں سے کچھ ہمارے لیے خطرہ ہیں اور کچھ نہیں ہیں۔ تو ہم سب کو کیوں دشمن بنائیں۔تاہم، امریکہ اس سلسلے میں پاکستان کے عزم پر سوالیہ نشان اٹھاتا رہا ہے جبکہ پاکستان کا موقف ہے کہ اس سال جون میں شروع ہوئے شمالی وزیرستان میں ہونے والے آپریشن ضربِ عضب کسی گروہ کے درمیان تفریق نہیں کر رہا۔

سرتاج عزیز کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی سرزمین سے امریکہ کے خلاف حملے کرنے والے شدت پسند گروہوں کی کارروائیاں روکنے کے لیے پاکستان نے بہت بڑا قدم اٹھایا ہے اور ان کی صلاحیت اور انفرا سٹرکچر کو ختم کر دیا ہے۔‘ جہاں تک ان تنظیموں اور گروہوں کی قیادت کی بات ہے، اس کے بارے میں سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ آپریشن سے قبل جو بھاگ گئے، وہ بھاگ گئے۔

’جو رہ گئے ان سب کے خلاف کارروائی کی ہے۔سرتاج عزیز نے کہا کہ ’افغان طالبان افغانستان کا مسئلہ ہیں اور حقانی نیٹ ورک انہی کا حصہ ہیں۔ افغان حکومت کا کام ہے کہ وہ ان سے مذاکرات کرے۔ ہم اپنی طرف سے افغان طالبان کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے، لیکن جو نوے کی دہائی کے تعلقات تھے وہ اب نہیں ہیں۔‘سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان اعتماد کی کمی نہیں ہے۔

’گذشتہ سال امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری پاکستان آئے، پھر وزیرِ اعظم نواز شریف نے صدر براک اوباما سے امریکہ میں ملاقات کی اور پھر جنوری میں سٹرٹیجک ڈائیلاگ کو بحال کیا جو 2010 سے تعطل کا شکار تھا۔جنرل راحیل شریف کا دورہ اس حوالے سے اہم ہے کیونکہ عسکری قیادت کی اب تک اس سطح پر سرکاری ملاقاتیں نہیں ہوئی تھیں۔‘سرتاج عزیز کا مزید کہنا تھا کہ افغان صدر اشرف غنی کے پہلے دورے کے موقع پر اصولی فیصلہ ہوگیا ہے کہ دہشت گردی کے لیے نہ پاکستان اپنی سرزمین استعمال ہونے دے گا اور نہ ہی افغانستان۔

انھوں نے کہا کہ افغانستان میں تحریکِ طالبان پاکستان کے سربراہ مولانا فضل اللہ کی موجودگی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی تاہم، ’اس میں کتنا وقت لگتا ہے اور وہ کتنے کامیاب ہوتے ہیں، یہ دیکھا جائے گا