پا ک افغان کاروباری مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہیں ، اشرف غنی ، ہمیں ملکر سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے چاہئیں، افغان صدر کا سرمایہ کاری فورم سے خطاب

ہفتہ 15 نومبر 2014 08:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15نومبر۔2014ء) افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان بہت اچھے ہمسائے ممالک ہیں، دونوں ممالک میں تجارت، معیشت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں، ہمارے کاروباری مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، پاک افغان تجارتی و سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کا معاشی انحصار خطے میں ترقی اور خوشحالی کی کلید ہے، افغانستان، پاکستان اور وسطی ایشیاء میں مل کر سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے چاہئیں، تجارت کے لحاظ سے گوادر پورٹ، پورٹ قاسم اور کراچی ہمارے لئے بڑے اہم ہیں، دونوں ممالک کو خواتین تاجروں کے مابین بھی روابط بڑھانے ہوں گے، پالیسیاں بناتے وقت متعلقہ فریقین کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، 2017ء تک باہمی تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچا دیں گے۔