دہشت گردوں کے صفایا تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا ،کورکمانڈرز کانفرنس،دہشت گردوں کو دوبارہ اکٹھے ہونے یا اس علاقہ میں آنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی،کورکمانڈرز کا عزم،آئی ڈی پیز کی مدد اور ان کی گھروں کو واپسی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی،آرمی چیف

جمعرات 13 نومبر 2014 09:31

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13نومبر۔2014ء)پاک فوج کی کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے صفایا تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا ،دہشت گردوں کو دوبارہ اکٹھے ہونے یا اس علاقہ میں آنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ آرمی چیف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے پیش نظر آئی ڈی پیز کی مدد اور ان کی گھروں کو واپسی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ معمول کی ماہانہ کورکمانڈرز کانفرنس بدھ کو یہاں جی ایچ کیومیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی صدارت میں ہوئی جس میں تمام کورکمانڈرز، پرنسپل سٹاف افسران اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی صورتحال سمیت دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب اور آپریشن خیبر ون سے متعلق ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں اس بات کا عزم دہرایا گیاکہ ملک کے کسی بھی کونے میں دہشت گردوں کو دوبارہ منظم نہیں ہونے دیا جائے گا اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن ضرب عضب اور آپریشن خیبر ون جاری رہے گا۔ آپریشن پر دی جانے والی بریفنگ پر آرمی چیف نے ان کارروائیوں اور ان میں اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے جاری آپریشنز میں جوانوں کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے پیش نظر ٹی ڈی پیز کی مدد اور ان کی گھروں کو واپسی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب اور آپریشن خیبر ون میں حصہ لینے والے فوجی جوانوں کی جرات و بہادری کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :