سیلاب زدگان اور آپریشن ضرب عضب کے آئی ڈی پیز کی امداد،ڈونرز کانفرنس میں ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کی اپیل پر 70 کروڑ ڈالر کے وعدے،عالمی برادری اور اداروں کی امداد کا ایک ایک پیسہ شفاف انداز میں استعمال ہوگا ، اسحاق ڈار،ایشیائی ترقیاتی بنک نے حکومت پاکستان اور امدادی اداروں پر مشتمل پاکستان فنڈ برائے ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی تجویز پیش کردی ،ڈونرز کانفرنس کو آپریشن ضرب عضب کی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی

بدھ 12 نومبر 2014 09:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12نومبر۔2014ء) سیلاب زدگان اور آپریشن ضرب عضب کے باعث بے گھر ہونے والے آئی ڈی پیز کی امداد کیلئے منعقدہ ڈونرز کانفرنس میں ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کی اپیل کے جواب میں عالمی بینک ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر اداروں نے 70 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے یقین دلایا ہے کہ عالمی برادری اور اداروں کی طرف سے دی جانیوالی امداد کا ایک ایک پیسہ شفاف انداز میں استعمال ہوگا جبکہ ایشیائی ترقیاتی بنک نے حکومت پاکستان اور امدادی اداروں پر مشتمل پاکستان فنڈ برائے ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی تجویز پیش کردی ہے۔

منگل کو یہاں منعقدہ ڈونرز کانفرنس میں برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے‘ عالمی بینک ‘ ایشیائی ترقیاتی بینک‘ اسلامی ترقیاتی بینک‘ یورپی یونین‘ جاپان ‘ اٹلی اور دیگر ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضروریات کے اندازے کے مطابق 1.4 ارب ڈالر کی اپیل کی گئی اور بتایا گیا کہ مزید نقصانات کا اندازہ آئندہ سال تک مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد عالمی برادری کو مزید ضروریات سے آگاہ کیا جاسکے گا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ان وعدوں پر عالمی برادری اور مالیاتی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ایک ایک پیسہ انتہائی شفاف انداز میں استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بحالی کا پروگرام بنائے گی اور قدرتی آفات کے شکار افراد کیلئے پہلے ہی طریقہ کار بنایا جاچکا ہے جس میں مزید بہتری نظر آئے گی انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے نقصان کی ضروریات کا اندازہ لگا رہے ہیں اور یہ کام تیزی سے کیا جارہا ہے تاہم اس میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا پاکستان کے وسائل پر بہت بوجھ ہے اور سیلاب کے متاثرین نے ہماری مشکلات مزید بڑھا دی ہیں ۔ پاکستان عالمی برادری سے اس ضرورت کے وقت میں ہر ممکن مدد کی توقع رکھتا ہے۔ اس موقع پر کانفرنس کے شرکاء کو آپریشن ضرب عضب اور مالیاتی ضروریات کے بارے میں جامع بریفنگ کے ساتھ ساتھ مختصر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی ۔

بعد ازاں این ڈی ایم اے کے چیئرمین میجر جنرل سعید عالم نے کانفرنس کو پنجاب ‘ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بریفنگ دی۔ عالمی بینک کی طرف سے دی گئی بریفنگ کے مطابق ملٹی ڈونر ٹرسٹ فنڈ سے تین مرحلوں میں آئی ڈی پیز کو امداد دی جائے گی۔ ریلیف کا عمل جاری ہے اور بحالی کیلئے انتظام چوبیس گھنٹوں میں کیا جائے گا جبکہ تعمیر نو میں اٹھارہ ماہ سے زائد عرصہ لگ سکتا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مسٹر ورنر لیپاچ نے بتایا کہ 2014 ء کے سیلاب اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ہم بحالی اور تعمیر نو کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ مستقبل میں حفاظتی اقدامات پر بھی توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک حکومت پاکستان اور امدادی اداروں پر مشتمل پاکستان فنڈ برائے ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی تجویز پیش کرتا ہے جو تباہ شدہ علاقوں کی تعمیر نو اور متاثرہ لوگوں کی امداد کیلئے پروگرام شروع کرے گا۔

یہ فنڈ مختلف وسائل سے اکٹھا کیا جائے گا اور اس سے بحالی کے اقدامات کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک ڈھانچے کی تعمیر نو کیلئے قرضہ دے گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اس تجویز کا ترقیاتی شراکت داروں سے صلاح مشورے کے بعد جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے اس ڈونرز کانفرنس کے انعقاد پر اقتصادی امور ڈویژن کے اہلکاروں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔