کراچی کے حالات آئیدیل نہیں لیکن ماضی کے مقابلے میں بہتر ہیں،چوہدری نثار علی خان ، کراچی آپریشن کے 14 ماہ کے دوران 7 ہزار ملزمان کو گرفتار کیا گیا، کراچی میں جو کام ادھورا رہ گیا ہے اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے،داعش نامی کسی تنظیم کا وجود پاکستان میں نہیں ،چند دہشت گرد تنظیموں کی داعش کو ہمدردی حاصل ہو سکتی ہے، پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب

بدھ 12 نومبر 2014 09:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12نومبر۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کراچی کے حالات آئیدیل نہیں ہیں لیکن ماضی کے مقابلے میں بہتر ہیں،سابق ڈی جی رینجرز رضوان اخترکی سربراہی میں کراچی آپریشن کے 14 ماہ کے دوران 7 ہزار ملزمان کو گرفتار کیا گیاامید ہے میجر جنرل بلال اکبر بھی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے، کراچی میں جو کام ادھورا رہ گیا ہے اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے،داعش نامی کسی تنظیم کا وجود پاکستان میں نہیں ،چند دہشت گرد تنظیموں کی داعش کو ہمدردی حاصل ہو سکتی ہے۔

کراچی میں رینجرز بیسک ریکروٹس ٹریننگ کورس کی اٹھارہویں پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ موجودہ ڈی جی رینجرز امن کے قیام کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

جنرل رضوان اخترکی سربراہی میں کراچی آپریشن شروع ہوا،امید ہے میجر جنرل بلال اکبر بھی اسی روایت کو آگے بڑھائیں گے۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی میں 14 ماہ میں تقریباً 4 ہزار آپریشن کیے گئے جن میں 7 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے سابق ڈی جی رینجرز میجرجنرل رضوان اختر کی خدمات کو بھی سراہا۔ کیڈٹس سے خطاب میں ان کا کہنا تھاآپ نے اس وردی کا مان رکھنا اور اس کا تحفظ کرنا ہے۔وزیرداخلہ نے بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں اسناداورشیلڈ تقسیم کیں اور شہدا ء اوران کے لواحقین کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔بعد ازاں میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی محرم کے دس دن بہت تھرڈ تھے، موثر سیکورٹی کے انتظامات کی وجہ سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

ان کا کہنا ہے کہ داعش کے مسئلے کو زیادہ ہوا نہیں دینی چاہئے۔ داعش نامی کسی تنظیم کا وجود پاکستان میں نہیں۔ چند دہشت گرد تنظیموں کی داعش کو ہمدردی حاصل ہو سکتی ہے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا ہے کہ ڈاکیارڈ حملے میں کچھ سویلین اور ریٹائرڈ افسر اور دہشت گرد تنظمیں ملوث تھیں۔سانحہ واہگہ بارڈر کے بارے میں چوہدری نثار نے بتایا کہ سانحہ واہگہ بارڈر کی تفتیش کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دی ہے، جے آئی ٹی رپورٹ ایک دو دن میں آجائے گی۔چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن وامان کے ایک اور اہم اجلاس طلب کیا ہے جس میں وزیراعظم نوازشریف بھی شریک ہوں گے۔