شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ ، چار افراد ہلاک،پاکستان کی شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے کی مذمت ،ملکی سلامتی اور خودمختاری کے خلاف ورزی قرار دیا

بدھ 12 نومبر 2014 09:25

میران شاہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12نومبر۔2014ء) شمالی وزیرستان میں تازہ ترین امریکی ڈرون حملے میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں امریکی جاسوس طیاروں نے ایک مکان اور گاڑی پر دو میزائل داغے جس سے مکان اور گاڑی تباہ ہوگئی حملے میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔ادھرپاکستان نے شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کی خلاف ورزی ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خار جہ تسنیم اسلم کی جانب سے جاری بیان میں شمالی وزیرستان میں منگل کے روز ہونے والے میزائل حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی حدود میں میزائل حملے کسی صورت قبول نہیں، ہم ان حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ میزائل حملہ پاکستان کی خود مختاری اور سلامتی کے منافی ہیں، شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کے دوران ایسے حملے منفی پیغام دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ شمالی وزیرستان ایجنسی کے علاقے دتہ خیل میں ہونے والے میزائل حملے میں چار افراد مارے گئے، داغے گئے دو میزائل نے گاڑی اور گھر کو نشانہ بنایا، میزائل حملوں میں مرنے والوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔